ڈرامہ ارطغرل کے مرکزی کردار حقیقت میں کون ہیں؟
ارطغرل،حلیمے سلطان، تورگت اور سیلجان کے کردار کس نے نبھائے

ترک ڈرامہ ارطغرل اردو زبان میں پاکستان میں نشر ہو ا تو اس کے کردار بات چیت کا اہم موضوع بن گئے۔ ڈرامے کےمرکزی کرداروں اصل زندگی کون ہیں۔ جانتے ہیں۔
ارطغرل غازی: اینگن التن دزیتن
اینگن التن دزیتن ’دریلس ارطغرل‘ میں ارطغرل کا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی پیدائش سنہ 1979 میں ترکی کے خطے ازمر میں ہوئی تھی۔
سکول کے دنوں سے ہی انھیں اداکاری کا شوق تھا اور پھر انھوں نے 2001 میں ازمر کی دوکز ایلول یونیورسٹی سے ڈرامے کے شعبے میں ڈگری حاصل کی۔ اس کے بعد 2001 میں ہی وہ کام کی تلاش میں استنبول آگئے۔
ترک ٹی وی کے لیے ان کا پہلا رول ڈرامہ سیریل ’روح سر‘ میں تھا جس کے بعد انھوں نے ’کوچم بنم‘ اور ’یدیپے استنبول‘ سمیت کئی ٹی وی ڈراموں میں کام کیا۔ 2005 میں انھوں نے فلموں میں کام کرنا شروع کیا، جن میں ہدایتکار مصطفیٰ التوکلیار کی فلم ’بیزانن کدنلری‘ شامل تھی۔
انھوں نے کئی فلموں اور ڈراموں میں کام کیا ہے۔ ٹی وی ڈراموں کے علاوہ وہ تھیئٹر میں بھی کام کر چکے ہیں اور دیارباکر نیشنل تھیئٹر میں پیش کیے جانے والے ڈرامے ’در ایاکبی الے‘ کے ہدایت کار بھی تھے۔
لیکن یہ کہنا بالکل غلط نہیں ہوگا کہ ارطغرل ہی ان کا سب سے زیادہ مقبول کردار ہے۔
2014 میں دیے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ویسے تو انھیں ارطغرل کی کہانی بہت پسند آئی تھی لیکن ان کے ذہن میں اس شو کے بارے میں کئی خدشات تھے کیونکہ ’تاریخ پر مبنی کہانیاں اگر حقیقت کے قریب نہ ہوں تو ان کے مضحکہ خیز بن جانے کا خطرہ ہوتا ہے۔‘
ارطغرل کے بعد اب وہ ڈرامہ سیریل ’جنایت‘ میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
2014 میں انھوں نے نسلشاہ الکوچلر سے شادی کی اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔
حلیمے سلطان: اسرا بِلگِچ
ارطغرل کی محبوبہ اور پھر بیوی کا کردار ادا کرنے والی اسرا بِلگِچ کی پیدائش سنہ 1992 میں انقرہ میں ہوئی۔
انھوں نے پہلے ہیجتیپ یونیورسٹی سے آثار قدیمہ میں ڈگری حاصلکی۔ پھر انھوں نے انقرہ کی بلکینت یونیورسٹی سے بین الاقوامی امور میں ڈگری حاصل کی اور اب قانون کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔
دیریلس ارطغرل میں حلیمے سلطان کا کردار ان کا پہلا کردار تھا اور جس کی وجہ سے انہیں کافی مقبولیت حاصل ہوئی۔
انھوں نے 2018 میں ارطغرل میں کام کرنا مکمل ہونے کے بعد انھوں نے ایک فلم سائن کر لی تھی۔
آج کل وہ ’رامو‘ نامی کرائم ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔
اسرا بلگچ نے حلیمے سلطان کے کردار کو ایک مشکل کردار اور ایک زبردست موقع قرار دیا تھا۔
2017 میں انھوں نے ترکی کی قومی فٹ بال ٹیم میں کھلاڑی گوکھان تورے سے شادی کر لی تھی۔ جو دو سال ہی نبھ سکی اور 2019 میں دونوں الگ ہوگئے۔
سیلجان: دیدم بالچن

اور اگر ڈرامے میں ارطغرل کے بھائی گنگودو کی بیوی سیلجان کی سازشوں سے آپ بھی متاثر ہوئے ہیں تو دیدم بالچن سے ملیے۔
ان کی پیدائش 1982 میں انقرہ میں ہوئی۔
انھوں نے انقرہ یونیورسٹی سے تھیئٹر میں ڈگری حاصل کی اور پھر استنبول چلی گئیں جہاں انھوں نے کئی فلموں اور ڈرامہ سیریز میں کام کیا۔ وہ تھیئٹر میں بھی کام کر چکی ہیں اور کئی انعامات بھی جیت چکی ہیں۔
رواں سال نو مئی کو انھوں نے اپنے منگیتر جان ایدین سے شادی کر لی۔