اخباردلچسپ و عجیب

کرونا سے خوفزدہ رئیس نے مسافر طیارے کی تمام نشستیں بُک کروالیں۔۔۔

جکارتہ:  کرونا میں مبتلا ہونے سے خوف زدہ ایک رئیس شخص نے دوران سفر کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے مسافر طیارے کی تمام نشستیں بک کروالیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے مالدار شخص رچرڈ ملجدی نے انسٹا گرام پر اپنی تصویریں شیئر کیں جن میں وہ طیارے میں تنہا دکھائی دے رہا ہے۔

اپنی انسٹا گرام پوسٹ پر ملجدی کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے اور اپنی بیوی کے لیے  طیارے کی تمام نشستیں بک کروالیں اس کے باجود یہ نجی طیارے (پرائیوٹ جیٹ) پر سفر کے مقابلے میں سستا پڑا۔ ہم نے یہ شرط عائد کی تھی کہ طیارے پر صرف ہم دونوں ہی ہوں گے اور اس لیے سبھی نشستیں بک کروالیں۔

انڈونیشیا کے ایک اخبار کے مطابق ملجدی اور اس کی بیوی کرونا وائرس میں مبتلا ہونے سے شدید خوف زدہ ہیں اس لیے انہوں نے طیارے پر تنہا سفر کرنے کی شرط عائد کی تھی۔

انڈونیشیائی اخبار کے مطابق ملجدی نے جکارتہ سے بالی کے لیے 7885 امریکی ڈالر میں طیارے کی تمام نشستیں بک کروائیں جن می 12 بزنس کلاس اور 150 اکانومی کلاس کی نشستیں شامل تھیں۔

خیال رہے کہ ملجدی انڈونیشیا کا ایک رئیس شخص ہے جسے دولت کے دکھاوے کا بہت شوق ہے۔ اس سے پہلے بھی اپنی انوکھی حرکتوں اور فضول خرچیوں خی تشہیر کی وجہ سے ملجدی خبروں میں رہا ہے۔ 2015 میں اس نے اپنے پالتو کتے کی سالگرہ پر اسے بیش قیمت گاڑی تحفے میں دی تھی۔ اس کے علاوہ وہ ایک مرتبہ ایک شاپنگ مال میں منشیات استعمال کرتے ہوئے گرفتار بھی ہوچکا ہے جس کے بعد اسے ڈیڑھ برس جیل میں بھی گزارنا پڑا۔

بعدازاں باتک ایئرلائن  کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی کہ ان کی پرواز آئی ڈی 6502 پر صرف دو مسافروں نے سفر کیا۔ تاہم ملجدی کے دعوے کے برعکس ایئر لائن کا مؤقف یہ ہے کہ اس دن طیارے پر صرف دو ہی سواریوں کے ٹکٹ کنفرم ہوپائے تھے۔ لیکن انڈونیشیا کے بعض اخبارات کا کہنا ہے کہ ملجدی کا ماضی دیکھا جائے تو اس کے لیے سات آٹھ ہزار ڈالر کی رقم خرچ کرنا کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button