fbpx
آج کا ایشو

شہبازشریف نے وزیراعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کردیا

جولائی 16, 2020 | 9:11 شام

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ڈی جی سول ایوی ایشن کے خط کے بعد وزیراعظم اور وزیر ہوا بازی کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، ملک کے اربوں روپے کے نقصان کے ذمہ دار وزیراعظم ہیں، سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا، یہ ہوتا ہے اختیارات کا ناجائز استعمال، یہ ہوتی ہے کرپشن۔

اپنے ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سی اے اے کے سربراہ کے خط نے وزیراعظم، کابینہ اور متعلقہ وزیر کو جھوٹا ثابت کردیا ہے۔ عالمی سطح پر ملک کی بدنامی اور قومی ادارے کو اربوں کا نقصان پہنچانے پر وزیراعظم مستعفی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ  دنیا سوال پوچھے گی کہ جس رپورٹ کی بنیاد پر یہ دعویٰ کیاگیا، اس کی ساکھ کیا ہے؟ دنیا سوال پوچھے گی کہ جب وزیراعظم کی اجازت سے وزیر ایوان میں بیان دے تو وہ کس پر اعتبار کرے؟ وزیر نے جھوٹا بیان دے کر پارلیمان میں غلط بیانی کی تو اس کی سزا کسے ملنی چاہیے؟

شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کے وزیر کی حماقت سے پی آئی اے کو پہنچنے والے مالی نقصانات کا ازالہ کون کرے گا؟

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے روزگار اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا، اس کا ذمہ دار کون ہے؟ ازالہ کون کرے گا؟ پاکستان کی دنیا بھر میں بدنامی ہوئی، اس کی بھی تو کسی کو سزا ملنی چاہیے؟

شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے پائلٹ نہیں یہ حکومت ، وزیراعظم اور وزیر جعلی ہیں، معیشت کریش کرنے والوں نے پی آئی اے اور اس کی ساکھ بھی کریش کردی ہے، ملک کا نام بدنام کرنے والے جعلی حکمرانوں نے قوم کا سکون چھینا، جعلساز حکمران سزا کے مستحق ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button