کمالہ خان عرف مس مارول: گیمنگ کی دنیا کی پہلی پاکستانی نژاد مسلمان سپر ہیرو

مارول اوینجرز ایک بار پھر اکٹھے ہو رہے ہیں لیکن اس بار وہ بڑی سکرین پر جلوہ گر نہیں ہوں گے بلکہ وہ سب ایک بلاک بسٹر ویڈیو گیم میں دکھائی دیں گے۔
اس ویڈیو گیم میں آئرن مین، ہلک اور کیپٹن امریکہ سمیت وہ تمام سپر ہیروز شامل ہیں جن کی آپ کو توقع ہے۔ لیکن اس بار ان کے ساتھ ایک نئی سپر ہیروئن کی انٹری ہو رہی ہے جن کا نام کمالہ خان ہے۔
یہ سپر ہیرو کردار ایک پاکستانی نژاد امریکی مسلمان نوعمر لڑکی کا ہے جس کے پاس اپنی صورت اور روپ تبدیل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اس سپر ہیرو کردار کو مس مارول کے طور گیم میں شامل کیا گیا ہے۔
جب اس گیم کو بنانے والی کپمنی سکوائر اینکس نے یہ اعلان کیا کہ وو مارول اوینجرز کی گیم کے نئے ایڈیشن میں کمالہ خان کے کردار کو اس گیم کے مرکزی کرداروں کے طور پر شامل کر رہے ہیں اور گیم صارفین کےاس کردار کے ساتھ گیم کھیل سکے گیں تب سے گیمنگ کے شعبے اور شائقین کی جانب سے انھیں بہت پذیرائی مل رہی ہے۔
کمالہ خان کے کردار کو مارول ایڈیٹر اور ڈائریکٹر ثنا امانت نے بطور شریک تخلیق کار 2014 میں بنایا تھا۔
ثنا امانت جو خود بھی ایک امریکی مسلمان خاتون ہیں ایک ایسا کردار تخلیق کرنا چاہتی تھی جس کے بارے میں اس طرح کا پس منظر رکھنے والی نو عمر لڑکیاں سوچتی ہوں اور اس کے ساتھ اپنی شناخت کی مماثلت تلاش کر سکیں۔
اس گیم کی پروموشن کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ بہت کمال کی بات ہے کہ کمالہ اب تک کی بنائی جانے والی سب سے بڑی مارول گیمز کا حصہ ہے۔ درحقیقت یہ اس گیم میں داخلے کا بنیادی کردار ہے اور ہر پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد اس کے ساتھ اپنا تعلق جوڑ سکتے ہیں۔’
مس مارول کے مختلف اوتار

مس مارول کے روپ میں مختلف کامک کتابوں میں سنہ 1976 سے مختلف سفید فام کردار سامنے آتے رہے ہیں جن میں شیرون ونٹرا اور ڈاکٹر کارلج سوفن شامل ہیں۔ ان کا سب سے پہلا کردار سنہ 1977 میں کارل ڈینورز کا تھا۔
ان کے اس کردار کو مس مارول کے روپ سے سنہ 2010 میں ہٹا دیا گیا اور سنہ 2012 میں اسے کیپٹن مارول کے طور پر متعارف کروایا گیا۔ اس کردار پر برائی لارسن نے مارول کی سنیمائی دنیا پر مبنی ایک فلم بھی بنائی۔
ان محرکات نے مس مارول کے نئے کردار کی انٹری کے لیے راہیں ہموار کیں۔
سنہ 2014 میں قارئین کو کمالہ خان کے کردار سے متعارف کروایا گیا جو ایک 16 سالہ پاکستانی نژاد امریکی لڑکی ہے اور امریکہ کے شہر جرسی میں پلی بڑھی ہے۔
اس کے پاس روپ تبدیل کرنے کی صلاحیت ہے اور وہ اوینجرز کی شائق بھی ہے۔ تاریخ رقم کرتے ہوئے وہ مارولز کی پہلی مسلمان کردار بن گئی ہے اور جو اب کامکس کی کتابوں میں اپنے کردار کی پہچان ہیں۔
اس ویڈیو گیم میں ایک کامک کی اصل کہانی پیش کی گئی ہے اور یہ مارول کی سنیمائی دنیا کی فلم کی کہانی سے مماثلت نہیں رکھتی۔
جب پہلی مرتبہ اس گیم کا ٹریلر 2019 میں ریلیز کیا گیا تو چند شائقین نے سوشل میڈیا پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گیم کے کردار فلم کے کرداروں سے مشابہت نہیں رکھتے۔
مس مارول کے کردار کو ابھی فلموں میں دکھایا جانا باقی ہے اس لیے یہ گیم کے دیگر کرداروں پر ہونے والی تنقید سے محفوظ رہا ہے۔ تاہم مارول سٹوڈیو ڈزنی پلس کے ساتھ مل کر اس کردار کے گرد ایک ٹی وی سیریز بنانے کی تیاری کر رہا ہے جسے سنہ 2022 میں نشر کیا جائے گا۔