
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام لگایا ہے کہ ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن امریکیوں کا طرز زندگی تبدیل کرنا چاہتے ہیں، جبکہ ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ملک کے معمر افراد کو بھیڑیوں کےسامنے ڈال دیا ہے۔
وائٹ ہاوس میں سرخ اور نیلے پک اپ ٹرکوں کے درمیان کھڑے ہو کر خطاب میں صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ جو بائیڈن صدر بنے تو اوباما دور کا سرخ فیتہ پھر سے حائل ہوجائے گا۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ جو بائیڈن کے منصوبوں سے امریکی معیشت اور طرز زندگی کو خطرہ ہے، ری پبلکن پارٹی کی علامت سرخ رنگ کی گاڑی سے اس موقع پر کرین کی مدد سے وزن بھی علامتی طور پر اتارا گیا۔
دوسری جانب ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کے سربراہ ٹام پیریز نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ مکمل طورپر نااہل ہے، اس انتظامیہ نے معمر افراد کو کورونا وباء کے رحم وکرم پر چھوڑدیا ہے اوریہی وجہ ہے کہ کورونا سے امریکا میں ہلاک معمر افراد کی تعداد ایک لاکھ سے ایک لاکھ 35 ہزار کےدرمیان ہے۔
ٹام پیریز نے کہا کہ بائیڈن منتخب ہوئے تو وہ سینئر سیٹزن سمیت تمام افراد کوسپورٹ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا متاثرین کی جانب سے صدر ٹرمپ نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں، ٹرمپ صبح اٹھ کے شیشے میں جس شخص کی شکل دیکھتے ہیں صرف اسی کی انہیں پرواہ بھی ہے۔
صدر ٹرمپ پر حزب اختلاف ڈیموکریٹس کی تنقید اپنی جگہ ،نیشنل ایسوسی ایشن آف پولیس آرگنائزیشنز نے الیکشن میں صدر ٹرمپ کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔