fbpx
سب کے لیے سب کچھ

اینٹی نارکوٹکس کے اہلکاروں کی منشیات سمگلنگ پر کارروائی، جوابی حملے میں دو اہلکار ہلاک، چھ زخمی

جولائی 18, 2020 | 9:43 صبح

اینٹی نارکوٹکس فورس اہلکاروں پر حملہ بلوچستان کے ضلع واشک میں ایک کارروائی کے بعد کیے گئے جوابی حملے  میں دو اہلکار جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے ۔

این ایف کے ترجمان  مطابق ایک خفیہ اطلاع پر اے این ایف کے اہلکاروں نے  ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں کارروائی کر کے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی ۔

ترجمان کے مطابق کارروائی کے بعد جب اے این ایف کے اہلکار مہراب لوگ کے علاقے میں پہنچے تو دہشت گردوں اور اسمگلروں نے حملہ کردیا، تین گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے میں دو اہلکار جاں بحق اور چھ زخمی ہو گئے۔

ترجمان کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 50 سے 60 تھی جنھوں نے راکٹ بھی فائر کئے جس سے اے این ایف کی دوگاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔

ترجمان نے مزید بتایا ایف سی (ساﺅتھ ) کے اہلکار اے این ایف کے اہلکاروں کی مدد کے لیے پہنچے جس کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔

ماشکیل بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے جنوب مغرب میں ضلع واشک کی ایران سے متصل سرحدی تحصیل ہے۔

واشک سمیت بلوچستان کے پانچ اضلاع کی سرحدیں ایران سے لگتی ہیں ۔ دیگر سرحدی اضلاع میں چاغی ، پنجگور، کیچ اور گوادر شامل ہیں ۔ ان اضلاع کی ایران سے متصل سرحدی علاقے دشوارگزار علاقوں پر مشتمل ہیں۔

سرکاری حکام کے مطابق افغانستان کے صوبہ ہلمند میں جو منشیات تیار کی جاتی ہیں ان کو منشیات کے اسمگلر انھی دشوار گزار راستوں سے ایران یا دیگر ممالک اسمگل کرنے کے لیے گوادر میں ساحل سمندر تک پہنچاتے ہیں ۔

ان علاقوں میں ماضی میں بھی اسمگلروں کی اے این ایف اور دیگر سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے ساتھ جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button