اخبارشہر شہر سے

حلیم عادل شیخ کے ساتھ تھانے میں کیا ہو گیا ؟؟؟

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کے کمرے سے پولیس تحویل کے دوران کیا نکل آیا ، عدالت میں پیشی کے موقع پرانھوں نے اہم انکشاف کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق علیم عادل شیخ کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ چار فٹ لمبا کالا ناگ میرے کمرے میں چھوڑا گیا۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ ڈی ایس پی آفتاب عالم بھی گواہ ہیں، انھوں نے بھی سانپ دیکھا تھا۔ ڈی ایس پی آفتاب عالم نے بھی میڈیا کے سامنے سانپ دیکھنے کی تصدیق کی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مراد علی شاہ نے پولیس والوں سے مل کر مجھے مروانے کی سازش کی۔

عدالت نے سرکاری وکیل اور حلیم عادل کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد اپوزیشن لیڈر کی جسمانی ریمانڈ کی پولیس کی استدعا مسترد کردی اور حلیم عادل کو 25 فروری تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر کیس کا چالان جمع کرانے کی بھی ہدایت کی۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے کارکنان کے ساتھ وفاقی وزیر فیصل واوڈا بھی عدالت پہنچے جب کہ پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

وفاقی وزیر  برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا ہے شکر کریں کہ حلیم عادل شیخ کے کمرے سے سانپ ہی نکلا ہے۔فیصل واوڈا حلیم عادل شیخ سے اظہار یکجہتی کے لیے ان کی پیشی کے موقع پر انسداد دہشتگردی کی عدالت پہنچےتھے۔

عدالت کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران ایک صحافی کے حلیم عادل شیخ کے کمرے سے سانپ سے متعلق سوال پر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ جو حالات ہیں شکر کریں کہ سانپ ہی نکلا ہے، اژدھا نہیں نکلا۔

حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ حلیم عادل کے ساتھ نامناسب سلوک ہو رہا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بڑے ایشوز عمران خان نے سنبھال لیے جن کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہو سکتا تھا، آئندہ ڈھائی سالوں میں روٹی، دال اور گوشت سستا ہوگا۔

خیال رہے کہ عدالت نے کراچی میں ضمنی انتخابات والے روز پولنگ سٹیشن پر اسلحے سمیت جانے پر حلیم عادل شیخ کو تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا، ایس آئی یو سینٹر میں جہاں حلیم عادل شیخ کو رکھا گیا تھا ان کے کمرے سے سانپ نکل آیا تھا۔

Tags

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button