اخبارسب کے لیے سب کچھ

الیکشن ٹریبونل نے فیصل واوڈا اور پرویز رشید سے متعلق فیصلہ دے دیا۔۔۔

کراچی: سندھ ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے سینیٹ الیکشن کے لیے پی ٹی آئی رہنما اور وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیل مسترد کردی۔

الیکشن ٹریبونل نے سینیٹ الیکشن کے لیے فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی کی منظوری پر ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف قادر خان مندوخیل کی اپیل پر سماعت کی۔

الیکشن ٹریبونل نے سماعت کے دوران میڈیا کو کوریج سے روک دیا اور عدالتی عملے نے میڈیا نمائندوں کو کمرہ عدالت سے باہر جانے کی ہدایت کی۔

الیکشن ٹریبونل نے سماعت کے بعد وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف قادر مندوخیل کی اپیل کو مسترد کردیا اور پی ٹی آئی رہنما کی نامزدگی کو درست ٹھہراتے ہوئے انہیں سینیٹ الیکشن کے لیے اہل قرار دیا۔

الیکشن ٹریبونل نے کہا کہ کاغذات نامزدگی سے متعلق ہمارے اختیارات محدود ہیں لہٰذا اپیل کنندہ چاہے تو آئینی دراخوست دائر کر سکتا ہے۔

لاہور: الیکشن ٹربیونل نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویز رشید کو  سینیٹ الیکشن کے لیے نااہل قرار دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے سینیٹ الیکشن کے لیے ریٹرننگ افسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف پرویز رشید کی اپیل پر سماعت کی۔

الیکشن ٹریبونل کے سنگل رکنی بینچ جسٹس شاہد وحید نے پرویز رشید کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا اور ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو برقرار رکھا۔

الیکشن ٹریبونل نے پرویز رشید کی اپیل مسترد کرتے ہوئے انہیں سینیٹ الیکشن کے لیے نااہل قرار دے دیا۔

ٹریبونل کے فیصلے کے بعد لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ کاغذات رکوانے ہوں تو کہتے ہیں پرویز رشید سے پیسے لینے ہیں اور پرویز رشید پیسے دینے آئے تو کہیں پیسے نہیں لینے، پنجاب ہاؤس کی انتظامیہ انصاف والوں کی انتظامیہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے خلاف میں سپریم کورٹ میں گیا ہوا ہوں اور جب تک سپریم کورٹ فیصلہ نہیں کرتی وہ پیسے میری ذمہ داری نہیں بنتی۔

واضح رہے کہ پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی پر پی ٹی آئی کے وکیل نے اعتراض کیا تھا اور ریٹرننگ افسر نے پنجاب ہاؤس انتظامیہ کا نادہندہ ہونے کی بنا پر ان کے کاغذات مسترد کیے تھے۔

Tags

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button