آج کا ایشواخبار

ڈسکہ الیکشن: وزیراعظم کا ایکشن، پی ٹی آئی امیدوار کو اہم ہدایت جاری

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان  نے این اے 75 ڈسکہ میں تحریک انصاف کے امیدوار کو 20  پولنگ سٹیشنوں پر ری پولنگ کی درخواست دینے کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیشہ آزاد اور شفاف انتخابات کے لیےجد وجہد کی لیکن بدقسمتی سے دیگر جماعتوں میں اس بارے میں سنجیدگی کا فقدان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم  شفافیت چاہتے ہیں اس لیے سینیٹ میں اوپن بیلٹ کا مطالبہ کیا، ہم ہمیشہ آزادانہ اور شفاف انتخابی عمل کی مضبوطی کے لیے کوشاں رہیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  2013 کے انتخابات کے بعد جب ہم نے 4 حلقے کھلوانا چاہے تو اس کے لیے  ہمیں 2 برس کی طویل اور صبرآزما جدوجہد سے گزرنا پڑا۔

واضح رہے کہ ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی اور اس دوران پرتشدد واقعات میں 2 افراد جاں بحق بھی ہوئے جب کہ 20 پولنگ سٹیشنوں کا نتیجہ سامنے نہ آنے پر الیکشن کمیشن نے ایکشن لیا اور تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ کے نتائج تبدیل کیے جانے کے خدشے کے پیش نظر ضمنی الیکشن کا نتیجہ روک رکھا ہے۔

20 پولنگ سٹیشنز پر ری پولنگ کیلئے تیار ہیں: علی اسجد ملہی

19 فروری کو ہوئے ضمنی انتخاب میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75 سے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار علی اسجد ملہی کہتے ہیں کہ ہم 20 پولنگ سٹیشن پر ری پولنگ کے لیے تیار ہیں۔

پی ٹی آئی رہنماؤں فرخ حبیب، عثمان ڈار، فواد چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی نے یہ بات کہی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لوگ شہید ہوئے، فیصل آباد اور شیخو پورہ سے غنڈوں کو لایا گیا، نون لیگ نے 23 پولنگ سٹیشنِ پر دوبارہ انتخاب کی درخواست کی تھی۔

علی اسجد ملہی کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ لوگ جو کہہ رہے ہیں مان جاؤ، یہ لوگ الیکشن کمیشن کو لکھے گئے اپنے خط سے مکر گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button