
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ واقعہ اتوار کے روز پیش آیا جہاں پاناما کی مشہور مصنوعی گیٹن جھیل کے قریب سے 7 افراد کی لاشیں ملیں جن میں 4 لڑکیاں اور 3 لڑکے شامل ہیں۔ جن کی عمریں 17 سے 22 سال کے درمیان ہیں ۔
پولیس کے مطابق کیپٹل سٹی پاناما سے 50 میل دوری پر واقع گیٹن جھیل پر 13نوجوانوں کا گروپ جمعہ کے روز جھیل کی سیر کے لیے پہنچا تھا جن پر دو مسلح افراد نے حملہ کردیا۔ جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک اور چھ بچ نکلنے میں کامیاب رہے۔
پولیس کے مطابق تمام تمام افراد کو سر میں گولیاں ماری گئیں ہیں۔ پولیس کے مطابق لاشیں جھیل سے ملحقہ گھنے جنگل سے ملی ہیں۔ اس سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ حملے کے محرکات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، کیونکہ مارے جانے والے اور گرفتار شخص کا تعلق ایک ہی علاقے سے ہے۔ پولیس کے مطابق اس علاقے میں منشیات فروش کافی سرگرم رہتے ہیں لیکن ابتدائی تحقیقات میں نوجوانوں کا منشیات فروشوں سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا، مارے جانے والے تمام نوجوان کالج اور یونیورسٹی کے طالبعلم تھے۔
مقامی میڈیا کا بتانا ہےکہ مرنے والے نوجوانوں میں سے کچھ کے اہلخانہ نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ ان کے بچے جمعہ سے لاپتا ہیں۔