Tickerاخبارسب کے لیے سب کچھ

اپوزیشن اتحاد نے حکومت سے کیا مطالبہ کر دیا؟؟؟

اسلام آباد / لاہور / پشاور: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نےاپنےامیدوار یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ انتخابات میں فتح کے بعد وزیراعظم عمران خان سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کردیا۔

وزیراعظم اپنے ارکان کا اعتماد کھو چکے، فضل الرحمان

 پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سینیٹ انتخاب میں اپوزیشن کے امیدوار سید یوسف رضا گیلانی کو کام یابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی وزیراعظم اکثریت کھوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جعلی وزیراعظم کو آج ہی فوری طور پر مستعفی ہوجانا چاہیئے ۔ سلیکٹڈ اور جعلی  وزیراعظم اپنے ہی ارکان کا اعتماد کھو چکے ہیں۔ آج ہمارے موقف کی تصدیق ہوگئی کہ 2018 کا مینڈیٹ جعلی تھا۔ پی ڈی ایم کی تحریک کے دوران عوام پہلے ہی سلیکٹڈ وزیراعظم اور جعلی حکومت کو مسترد کر چکی ہے۔

ان کا کہنا تھ اکہ آج پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار سید یوسف رضا گیلانی کی تاریخی فتح نے سلیکٹڈ وزیراعظم کے مینڈیٹ کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کردیا ہے۔ اب عمران خان فوری طور پر وزارت عظمی کے عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔

یوسف رضا گیلانی کی جیت پر بلاول کا ردعمل

سابق وزیر اعظم و یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ کہتے ہیں کہ عمران خان سپورٹس مین ہیں تو انہیں شکست تسلیم کرلینا چاہیے اور  آج کے بعد ان کو استعفا دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں بھی ظلم ہو وہاں جمہوریت بہترین انتقام ہے،  آج شہبازشریف اور مولانا فضل الرحمن کے پاس بھی جاؤں گا۔ایک سوال کے جواب میں بلاول کا کہنا تھاکہ سینیٹ انتخابات کے بعد اپوزیشن کا اگلا قدم لانگ مارچ یا عدم اعتماد ہوگا یہ فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی۔

ان کا کہنا تھاکہ ہم جمہوریت کی بحالی اور اداروں کی مداخلت کو روکنا چاہتے ہیں، عمران حکومت کی 3 سالہ کارکردگی سب کے سامنے ہے، عوام سمجھ چکی ہیں کہ بجلی کے بلوں اور مہنگائی کا بوجھ ان کی نالائقی کی وجہ سے اٹھا رہے ہیں۔

قبل ازیں سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر قومی اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی جس میں اپوزیشن امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کامیاب قرار پائے۔

حکومت کی جانب سے دوبارہ ووٹنگ کرائی گئی تاہم دوبارہ ووٹنگ میں بھی یوسف رضا گیلانی کامیاب قرار پائے۔

یوسف رضا گیلانی حفیظ شیخ کو پانچ ووٹوں سے شکست دے کر اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہوگئے۔

اس فتح پر بلاول  نے ٹوئٹ کی ہے اور کہا ہے کہ ’جمہوریت بہترین انتقام  ہے، جئے بھٹو‘۔

تمہارے پاس اب وزیراعظم ہاؤس پر قابض رہنےکا کوئی جواز نہیں،مریم نواز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہےکہ 2018 کی ووٹ چوری کا بدلہ ڈسکہ کے عوام نے لیا اور چیئرمین سینٹ کا الیکشن چھینے جانےکا بدلہ آج عوامی نمائندوں نے لےلیا۔

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم نواز کا کہنا ہے کہ سب سے اہم بات یہ ہےکہ عوام اور ان کے نمائندوں نےڈرنے سے انکار کردیا، جعل سازی اب نہیں چل سکتی۔

مریم نواز کا کہنا ہےکہ جعلی مینڈیٹ عوام کے نمائندوں نے واپس چھین لیا، اپنے ہی لوگوں نے دباؤ کے باوجود آٹا چور، چینی چور، بجلی چور اور ووٹ چور عوام کے مجرم عمران خان کو ووٹ دینے سے انکار کردیا۔

ان کا کہنا ہے کہ’ تمہارے پاس اب وزیراعظم ہاؤس پر قابض رہنے کا کوئی جواز نہیں، ووٹ چور کرسی چھوڑ’۔

مریم نواز  نے یوسف رضا گیلانی، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ اور ن لیگی ارکان کو مبارک باد دی ہے اور ن لیگی ارکان کو شاباش بھی دی ہے کہ جنہوں نے نواز شریف کے فیصلے اور بیانیےکا مان رکھا اور جھکنے اور بکنے سے انکار کردیا۔

Tags

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button