غیرمنتخب افراد کو نجکاری کمیٹی میں ڈال دیا گیا، خواجہ آصف

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ غیر منتخب افراد کو نجکاری کمیٹی میں ڈال دیا گیا، جبکہ غیر منتخب دہری شہریت والے کابینہ میں نہیں بیٹھ سکتے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ایوانوں میں دہری شہریت کے حامل غیرمنتخب افراد نہیں بیٹھ سکتے تو کابینہ میں کیسے بیٹھ سکتےہیں؟ یہ کابینہ میں اس لیے بیٹھ سکتے ہیں کہ کوئی اے ٹی ایم ہے تو کوئی چہیتا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہم اس کی مزاحمت کریں گے، اگر نجکاری شفاف نہ ہوئی تو عدالتوں میں چیلنج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں وہ چہرے نظر آرہے ہیں جو نجکاری میں ادارے خریدیں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہم پر تو مودی کا یار ہونے کا الزام لگا دیتے تھے، آج خود کلبھوشن کو بچانے کےلیے قانون سازی لائی جارہی ہے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ ایک وزیر کے بیان نے پی آئی اے برباد کردیا، جبکہ اسٹاک ایکسچینج کسینو بن گیا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ چہرے پہچانے جا رہے ہیں وقت آرہا ہے سب کا پتہ چلے گا، کسی نےآپ کا خرچ اٹھایا ہوا ہے تو قوم کی جیبوں سے تو نکال کر نہ دیں، جبکہ جہانگیرترین تو چلاگیا ہے ناں؟ جبکہ آج جو خاموش رہے گا وہ جرم کرے گا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نے غلطیاں کیں، پھانسیاں لیں، جلاوطنی بھگتی، سیاستدان ہونا گالی نہیں عزت ہے، جبکہ اداروں کے پاس وہ عوامی اعتماد نہیں جو اس ایوان کے پاس ہے۔