
پنجاب میں بارشوں نے تباہی مچادی، موسلادھار برسات کے سبب مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق ہو گئے۔
فیصل آباد میں بارش کے باعث مکانات کی چھتیں گرنے سے 10 افراد جاں بحق ہوئے، دوسری طرف بارش نے ملتان، وہاڑی اور عارف والا میں بھی 4 افراد کی جان لے لی۔
تاندلیاں والا میں پیش آئے حادثے میں 1 خاندان کے 7 افراد چھت کے ملبے تلے دب کر جان کی بازی ہار گئے۔
دوسری طرف عباس پور روڈ پر گھر کی چھت گرنے سے پورا مکان ہی زمین بوس ہوگیا، حادثے میں 3 بہن بھائی جاں بحق ہوگئے جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ملتان میں بھی بارش نے اپنا اثر دکھایا، جہاں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔
ادھر وہاڑی کے کارخانہ بازار میں بارش کے بعد دکان کے شٹر میں کرنٹ پھیل جانے سے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
عارف والا میں بھی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق اور بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جبکہ جہانیاں میں بارش کے بعد دیوار گرنے سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔