Tickerآج کا ایشواخبار

این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری

ڈسکہ : پنجاب سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں پولنگ جاری ہے۔

این اے 75 پر الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی الیکشن کالعدم قرار دیے جانے کے بعد آج دوبارہ الیکشن کرایا جارہا ہے جس میں پی ٹی آئی کےعلی اسجدملہی اور (ن)لیگ کی نوشین افتخارمیں کانٹےکامقابلہ  متوقع ہے۔

حلقے میں پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا اور پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہے گا۔

حلقےمیں کل ووٹرزکی تعداد4 لاکھ 94ہزارہے جن کے لیے 360 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جب کہ الیکشن میں سکیورٹی کے لیے پولیس کے 4100 سے زائد اور رینجرز کے ایک ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ پاک فوج کی 10 ٹیمیں کوئیک رسپانس فورس کےطورپرموجودرہیں گی۔

انتظامیہ نے ضمنی الیکشن کے موقع پر حلقے میں دفعہ 144 نافذ کررکھی ہے جس کے باعث لائسنس یا بغیر لائسنس یافتہ اسلحہ کی نمائش کی اجازت نہیں ہوگی۔

واضح رہےکہ عام انتخابات 2018 میں (ن) لیگ کے افتخار الحسن عرف ظاہرشاہ کامیاب ہوئےتھے اور ان کی وفات کے بعد یہ نشست خالی ہوئی۔

 آج رات پورا پاکستان دیکھے گا کہ پی ٹی آئی جیتی ہے: علی اسجد

میڈیا سے گفتگو کے دوران علی اسجد نے (ن) لیگ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ پچھلی طرح ضلع سے باہر بہت سے لوگ لے کر آئے ہوئے ہیں لیکن یہ اس بار بھی ہاریں گے اسی لیے خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی دفعہ بھی یہ ہارے تھے اس دفعہ بھی یہ ہاریں گے، ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کی فتح ہوگی اور آج رات پورا پاکستان دیکھے گا کہ پی ٹی آئی جیتی ہے۔

علی اسجد نے سکیورٹی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ورکرز بھی محنت کررہے ہیں۔

میں بھی میدان میں ہوں: نوشین افتخار

مسلم لیگ (ن) کی امیدوار نوشین افتخار نے پولنگ سٹیشنوں کے دورے کیے اور انتظامات کا جائزہ لیا جب کہ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میری گزارش ہے کہ میڈیا کو نہیں روکا جائے، لوگ ووٹ ڈالنے آرہے ہیں اس لیے میڈیا کو بھی نہیں روکا جائے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین باہر نکلیں اور ووٹ ڈالیں، آپ کی حفاظت کے لیے میں بھی میدان میں ہوں۔

نوشین افتخار کا اپنے ہی پولنگ ایجنٹ سے سوال

این اے 75 میں پولنگ کے دوران (ن) لیگ کی امیدوار نوشین افتخار  نے پولنگ سٹیشن نمبر 344 کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اپنے ہی پولنگ ایجنٹ سے سوال کرلیا۔

نوشین افتخار نے پولنگ ایجنٹ سے سوال کیا کہ آپ کہاں سے ہیں؟  اس پر پولنگ ایجنٹ نے بتایا کہ میں آپ کا پولنگ ایجنٹ ہوں جس پر کارکنان نے زور دار قہقہ لگایا۔

خیال رہے کہ رواں سال 19 فروری کو این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں بدنظمی دیکھنے میں آئی تھی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ 20 پولنگ سٹیشنوں کے نتائج تاخیر سے ملنے پر الیکشن کمیشن نے اس حلقے کا نتیجہ روک لیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے ان تمام واقعات کے بعد الیکشن کو کالعدم قرار دیا تھا تاہم پی ٹی آئی نے الیکشن کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا لیکن سپریم کورٹ نے حلقے میں ری پولنگ کا کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کے امیدوار کی درخواست مسترد کردی تھی۔

Tags

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button