Tickerاخبارسب کے لیے سب کچھ

چینی سکینڈل؛ ٹھہریئے ، جہانگیر ترین اور علی ترین کی گرفتاری ابھی نہیں ہو سکتی ۔۔۔

لاہور: چینی سکینڈل کیس میں عدالت نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔

لاہور کے بینکنگ کورٹ کے جج امیر محمد چوہدری نے چینی سکینڈل کیس میں جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی، اس موقع پر ایف آئی اے پراسکیوٹر نے دلائل میں کہا کہ جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری درخواست ضمانت میں موجودہ عدالت کا دائرہ اختیار نہیں بنتا، جہانگیر ترین کی شوگر ملز کے ملازمین کے اکاؤنٹس منی لانڈرنگ کے لیے استعمال ہوئے۔ وکیل جہانگیر ترین نے کہا کہ ہم مزید اگلے ہفتے میں کچھ دستاویزات تفتیشی افسر کو دیں گے، جہانگیر ترین اور علی ترین نے تفتیش جوائن کرلی ہے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری درخواست ضمانت میں 17 اپریل تک توسیع کرتے ہوئے دائرہ اختیار پر ایف آئی اے اور فریقین سے دلائل طلب کرلیے جب کہ سیشن کورٹ نے دونوں کی عبوری ضمانت میں 22 اپریل تک توسیع کی ہے۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر جہانگیر ترین کے ہمراہ ممبران قومی اسمبلی اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی ساتھ تھی جب کہ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جہانگیرترین نے کہا کہ ان کے خلاف ہونے والی انکوائری شفاف نہیں لہذا تحقیقات کے لیے غیرجانبدار کمیٹی بنائی جائے۔

Tags

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button