سندھ حکومت نے صوبے بالخصوص کراچی کی ترقی کیلئے کوئی کام نہیں کیا، شبلی فراز

وفاقی وزیرِ اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے صوبے بالخصوص کراچی کی ترقی کے لیے کوئی کام نہیں کیا، کراچی کی صورتحال دیکھ کر لگتا ہےکہ وہاں کوئی حکومت نہیں ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ بارشوں کے بعد کراچی کے لوگوں کی زندگی تکلیف میں ہے۔
انھوں نے کہا کہ بارشوں کے بعد کراچی میں نکاسی کا نظام بے نقاب ہوگیا، کراچی کی صورتحال دیکھ کر لگتا ہےکہ وہاں کوئی حکومت نہیں ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے سندھ بالخصوص کراچی کی ترقی کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں بارشوں کے بعد عوام کا بہت نقصان ہوا، بارشوں کے بعد کراچی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کراچی کے لیے جو کر سکی وہ کرے گی، کراچی میں ارکان اسمبلی کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے حلقے کے لوگوں سے رابطے میں رہیں۔
انھوں نے کہا کہ کراچی میں ادارے ہوں یا انفرا اسٹرکچر، کسی پر توجہ نہیں دی گئی، سندھ حکومت کو اربوں روپے کے فنڈز دیے وہ کہاں گئے؟ ایسا لگتا ہے کراچی میں سیوریج کا کوئی نظام ہے ہی نہیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے اپنی نااہلی کا ثبوت دیا ہے، صوبائی حکومت فوری طور پر ایسے اقدامت کرے کہ لوگوں کی تکالیف کا ازالہ ہوسکے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ حکومت نے ظاہر پر توجہ دی اور باطل کو نظر انداز کیا۔
شبلی فراز نے دیگر امور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے نیا ہاؤسنگ اسکیم پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کنسٹرکشن انڈسٹری ملک کی معیشت کو اوپر لے جاسکتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ پیٹرول کی قلت پر ایک کمیشن بنایا گیا ہے جو تحقیقات کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ چینی کے ذخائر موجود ہیں، کوئی قلت نہیں ہے، جبکہ گندم کے ذخائر میں ڈیڑھ ملین ٹن کا گیپ تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں 1300 اورخیبر پختونخوا میں 1200روپے تک گندم فروخت کی جارہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ قوم کو بھی ذخیرہ اندوزوں پر نظر رکھنی چاہیے، پیٹرول کی قلت کا جو بھی ذمے دار ہوگا کارروائی کی جائے گی۔
شبلی فراز نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے حکومت کی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کامیاب ہو رہی ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ اللّٰہ کے فضل و کرم سے ملک میں کورونا کیسز میں کمی ہوئی ہے، عوام عید الاضحیٰ پر ایس او پیز پر عمل درآمد کریں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے عید الاضحیٰ پر لا پرواہی کی تو بڑے نقصان کا خدشہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی وبا ابھی ختم نہیں ہوئی ہے، ہمیں احتیاط کی ضرورت ہے، عوام سے درخواست کرتا ہوں کہ عید الاضحیٰ پر ذمے داری کا مظاہرہ کریں۔
شبلی فراز کا کہان تھا کہ یکم ستمبر سے یورو 5 فیول متعارف کروایا جائے گا، یہ ایک ماحول دوست فیول ہے۔