
کراچی میں مون سون کے چوتھے اسپیل میں مسلسل تیسرے روز بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری۔ بجلی بند، ٹریفک معطل۔
ملک کے سب سے بڑے شہر کی مختلف شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا ہے، عزیز آباد بلاک 2 میں بارش اور سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، پہلے سے کیچڑ اور گندگی سے پریشان کشمیری محلے کے مکینوں کا مزید براحال ہوگیا۔
کورنگی کاز وے کے مقام پر ملیر ندی کا پانی بہہ کر سڑک پر آگیا، پاک فوج کی ٹیمیں سول انتظامیہ کے ساتھ ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ کراچی کے تینوں بڑے نالوں کی صفائی کا کام 100 فیصد مکمل ہوگیا ہے اور تمام 42 چوک پوائنٹس کو کلیئر کردیا گیا ہے۔
کراچی میں 3 روز کی بارش کے دوران کرنٹ لگنے و دیگر حادثات میں 14 افراد جاں بحق
کراچی میں 3 روز کی بارش کے دوران کرنٹ لگنے سمیت مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
پولیس کے مطابق گلستان جوہر اپارٹمنٹ میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، کٹی پہاڑی پرکرنٹ لگنے سے 13 سالہ بچہ کاشان اور میوہ شاہ قبرستان کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
لانڈھی نمبر 4 میں دکان کے شٹر سے کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق، سٹی کوٹ اور سول اسپتال کے قریب کرنٹ سے 2 افراد جان سے گئے۔
ایک بچہ سرجانی ندی میں جبکہ بنارس میٹرو سنیما کے قریب ندی میں ڈوب کر 6 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔
ملیرماڈل کالونی میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، گلشن اقبال بلاک 13 ڈی میں کرنٹ لگنے سے نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔ اتحاد ٹاون میں ایک شخص کرنٹ لگنے سے چل بسا۔
لیاری جہان آباد میں گھر کی چھت گرنے سے دو افراد جان سے گئے جبکہ نارتھ کراچی سیکٹر 2 میں 6 سالہ بچہ کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
شہر کے بیشتر علاقوں میں بارش کے بعد بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری ہے، نشیبی علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 14 گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر میں کرنٹ لگنے کے واقعات گھروں کی اندرونی ناقص وائرنگ سے پیش آئے، کسی حادثے کا تعلق کے الیکٹرک کے انفرا اسٹرکچر سے نہیں ہے۔
اتوار کو بھی بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ شمالی بحیرہ عرب سے مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کے باعث کراچی میں اتوار کو بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ڈاکٹر عبدالقیوم کے مطابق مون سون سسٹم کی شدت تاحال برقرار ہے اور بارش برسانے والے سسٹم کا پھیلاؤ بلوچستان تک ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم آج برسنے کے بعد کمزور پڑنا شروع ہو جائے گا، لیکن کراچی میں کل بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔