عالمی بینک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی, سمری وزیراعظم کو ارسال

عالمی بینک میں پاکستان کی جانب سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کا معاملے پر حکومت نے مختلف ناموں پرغور شروع کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی بینک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے کیلئے سمری مشتہر کیے بغیر وزیراعظم عمران خان کو 4 نام بھجوادئےگئے، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کانام سرفہرست ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹرکی تعیناتی کیلئے دیگر3 امیدواروں میں سیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ، سیکرٹری اسٹبلشمنٹ ڈویژن اعجاز منیر سمیت ریٹائرڈ افسر طارق باجوہ شامل ہیں۔
ورلڈ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیلئے چوتھی نامزدگی ریٹائرڈ افسر طارق باجوہ سیکرٹری خزانہ،چیئرمین ایف بی آر اور گورنر اسٹیٹ بینک رہ چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معیار کے لحاظ سے طارق باجوہ سرفہرست ہیں جبکہ سمری میں ان کا نام سب سے آخر میں ہے، عالمی بینک میں پاکستان کے نامزد ایگزیکٹو ڈائریکٹر اکتوبر میں ریٹائر ہو رہے ہیں۔
اکتوبر تک گریڈ 22 کےحاضر سروس یا ریٹائرڈ افسر کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر نامزد کرنا ہے، ای ڈی ورلڈبینک کی تعیناتی کی سمری گریڈ 22 کے آفیشلز میں مشتہر کی جاتی ہے۔
ترجمان وزارت اقتصادی امور کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ورلڈ بینک کی تعیناتی کیلئے سمری وزیراعظم کو بھجوائی جاچکی ہے ، سمری میں تجویز کردہ نام ظاہر نہیں کیے جاسکتے۔