fbpx
اخبارلائم لائٹ

’بلاتی ہے مگر جانے کا نہیں‘: معروف بھارتی شاعر راحت اندوری کا انتقال

اگست 12, 2020 | 10:50 صبح

 

انڈیا کے مقبول اردو شاعر راحت اندوری مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئے۔

بھوپال کے مقامی صحافی شریے نیازی کے مطابق 70 سالہ راحت اندوری کو کورونا وائرس کے سبب سانس لینے میں دشواری کے پیش نظر ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا اور ہسپتال میں ہی حرکتِ قلب بند ہو جانے کے سبب ان کا انتقال ہو گیا۔

اندور کے اوروبندو ہسپتال کے ڈاکٹر ونود بھنڈاری نے بتایا کہ منگل کے روز انھیں دو بار دل کا دورہ پڑا اور انھیں بچایا نہیں جا سکا۔

ڈاکٹر بھنڈاری کے مطابق انھیں 60 فیصد نمونیا تھا۔

راحت اندوری کی پیدائش یکم جنوری 1950 کو پوئی تھی۔ اندور کے ہی نوتن سکول میں انھوں نے ہائیر سیکنڈری کی تعلیم حاصل کی اور وہیں کے اسلامیہ کریمیہ کالج سے انھوں نے گریجوئیشن کرنے کے بعد برکت اللہ یونیورسٹی سے ایم اے کیا۔

ایک سنجیدہ شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ وہ نوجوان نسل کی نبض تھامنا خوب جانتے تھے۔ اس کی ایک مثال ہے ان کی نظم ’بلاتی ہے مگر جانے کا نہیں‘ جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔

راحت اندوری نے بالی وڈ کی فلموں کے لیے بھی گانے لکھے۔ ان میں فلم گھاتک کا گیت ’کوئی جائے تو لے آئے’، عشق فلم کا ’نیند چرائی میری’ کے علاوہ منا بھائی ایم بی بی ایس جیسی مشہور فلم کا گانا ’ایم بولے تو منا بھائی‘ بھی شامل ہیں۔

انڈین ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نےٹوئیٹ کر کے کہا کہ اپنی شاعری سے لاکھوں کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے مشہور شاعر اور ہر دل عزیز راحت اندوری کا انتقال مدھیہ پردیش اور پورے ملک کے لیے کبھی نا پورا ہونے والا نقصان ہے۔ میں دعا کرتا ہوں کہ ان کی روح کو سکون ملے اور ان کے خاندان والوں اور چاہنے والوں کو اس غم کو برداشت کرنے کی قوت ملے۔

سوشل میڈیا پر صارفین کا ردِ عمل

راحت اندوری کے انتقال پر کئی ٹوئٹر صارفین نے انھیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اشعار پوسٹ کیے جن سے راحت اندوری کی جانب سے موضوعات کے انتخاب میں گوناگونیت کا واضح اظہار ہوتا ہے۔

ان اشعار میں دوستوں کے درمیان تعلق سے لے کر خونی رشتوں کے درمیان عداوت، سیاسی معاملات، غربت و بے کسی سمیت زندگی کی کئی تلخ حقیقتوں کو سلیس انداز میں برتا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button