
نامور اداکار شان شاہد نے ٹوئٹر پر عابدہ پروین کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے عابدہ پروین کو سول ایوارڈ کیلئے نامزد کرنے پرحکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
اپنے پیغام میں شان شاہد نے کہا کہ ’عابدہ پروین پاکستان کی شان ہیں، ان کی آواز پاکستان کی شناخت ہے۔‘
انہوں نےمزید لکھا کہ ’پاکستان کی خالص سرزمین میں عابدہ پروین کی آواز صوفیوں کی راہ دکھاتی ہے۔‘
اداکار نے اپنے ٹوئٹ میں صدر و وزیراعظم کو ٹیگ کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان کا عابدہ پروین کو اس اعزاز سے نوازے جانے پر شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ یومِ آزادی کے موقع پر صدر پاکستان کی جانب سے 24 شخصیات کے لیے ستارہ شجاعت، 27 کے لیے ستارہ امتیاز جبکہ 44 شخصیات کے لیے صدارتی تمغہ حسن کارکردگی کا اعلان کیا گیا، تمام شخصیات کو ایوارڈز 23 مارچ کو دیے جائیں گے۔
مایہ ناز صوفی گلوکارہ عابدہ پروین کے لیے نشان امتیاز جب کہ بشریٰ انصاری اور طلعت حسین کے لیے بھی ستارہ امتیاز کا اعلان کیا گیا۔