وزیر اعظم نے بتا دیا کہ انکی جدوجہد کا اصل محور کون ہے

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت 2 سالہ حکومتی کارکردگی پر وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ، جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری جدوجہد کا محور ہر کمزور پاکستانی ہے۔ 24 سالہ جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی، معاشرے کے کمزور طبقے کے لیے بہت کچھ کرنا باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمزور طبقے کیلئے سوچنا اصل ایمان ہے، مدینے کی فلاحی ریاست کے تصور کو عملی شکل دینا چاہتا ہوں، تعلیمی نصاب میں مدینے کی فلاحی ریاست کا تصور شامل کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ شفقت محمود سے کہا ہے کہ نصاب میں ریاستِ مدینہ کا تصور شامل کریں، ابتدائی طور پر آٹھویں اور نویں جماعت کیلئے نصاب تیار کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشکل وقت میں محنت سے کامیابی حاصل کی ہے، جتنا بھی مشکل وقت آئے، عوام کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا، عام آدمی کی زندگی بہتر بنانا جدوجہد کا اصل مقصد ہے۔
وزیرِ اعظم کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہماری ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، تمام شعبوں میں اصلاحات کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے، مہنگائی میں کمی کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں۔
اجلاس میں 2 سالہ حکومتی کارکردگی پر وفاقی کابینہ نے وزیرِ اعظم عمران کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم کی قیادت میں تمام چیلنجز سے نبرد آزما ہوئے ہیں، معاشی اعشاریوں میں بہتری بہترین پالیسی کے باعث ممکن ہوئی۔