لاہور میں سال کی سب سے بڑی بارش،کراچی میں بوندا باندی
پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے کئی نشیبی ی علاقے زیر آب ٓ گئے ،بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
قصور، گجرات، ملکوال، منڈی بہاءالدین، اوکاڑہ، جہلم، حافظ آباد، چنیوٹ، مانسہرہ، شمالی وزیرستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔
ادھر لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ کل رات سے جاری ہے جہاں والٹن روڈ، بادامی باغ، گلبرگ اور مال روڈ کے علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی ہے جب کہ پانی کے نکاس کے لیے واسا کا عملہ مصروف عمل ہے۔
جہلم شہر اور گردونواح میں ہونے والی بارشوں نے میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کا پول کھول دیا اور چند گھنٹوں کی بارش سے شہر بھر کی تمام شاہراہیں نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔
اس کے علاوہ بارش کی بوند برستے ہی کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی گزشتہ رات بوندا باندی ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔