fbpx
اخبارسب کے لیے سب کچھ

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سمیت سندھ کے 20 اضلاع آفت زدہ قرار

اگست 30, 2020 | 1:34 صبح

کراچی : طوفانی بارشوں کے بعد پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سمیت سندھ کے 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا۔

ریکارڈ توڑ بارشوں کا اسپیل چلا گیا لیکن مسائل کا طوفان چھوڑ گیا، پاکستان کی وال اسٹریٹ آئی آئی چندریگر روڈ سمیت کئی مرکزی شاہراہیں دو روز تالاب بنی رہیں، شدید متاثرہ علاقوں میں بپھرے ریلوں سے بے حال لوگوں کو کشتیوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاتا رہا،کچھ مقامات سے پریشان حال شہری تنگ آکر نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔

شہر کراچی کے ساتوں انڈر پاسز پانی سے بھر کر سوئمنگ پول بن گئے،کئی سڑکوں پر گڑھے پڑگئے،گلیاں کیچڑ سے بھر گئیں، کھڑے پانی سے تعفن اٹھنے لگا، شہریوں کا جینا محال ہونے لگا، بجلی کے بعد کئی علاقوں میں پانی بھی ساتھ چھوڑگیا۔

شہر میں موبائل فون کے ساتھ انٹرنیٹ کے سگنلز بھی  سوتے جاگتے رہے، کچھ قبرستانوں کی حالت بھی خراب، قبریں دھنس گئیں، کتبے گرگئے۔

حکومت سندھ نے صوبے کے چار ڈویژنز کے 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا  ہے، ریلیف کمشنر سندھ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق کراچی کے تمام 6 اضلاع آفت زدہ قرار دیے گئے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے تمام 6 اضلاع کے علاوہ بدین، ٹھٹھہ، سجاول، جامشورو، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری، دادو، میرپورخاص، عمرکوٹ، تھرپارکر، بینظیرآباد اورسانگھڑ کے اضلاع کو بھی آفت زدہ قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آفت زدہ قرار دیے گئے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا تھا کہ حالیہ مون سون سیزن میں اب تک صوبے میں 80 سےزیادہ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے 47 سے زائد کا تعلق کراچی سے ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button