
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشانت کی موت کو دو مہینے سے زیادہ کا وقت گزر جانے کے بعد پہلی مرتبہ اُن کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی نےسوشانت کے حوالے سے کھل کر بات کی ہے، اور اُن کے ساتھ اپنے رشتے اور اُن کی موت کو لے کرکئی انکشاف کیے ہیں۔
ریا چکرورتی نے انڈیا ٹوڈے کودیےگئے اپنےایک انٹرویو میں کہا کہ سوشانت کو ’کلسٹروفوبیا‘ تھا یعنی اداکار کو فلائٹ میں بیٹھنے سے ڈر لگتا تھا۔ اداکارہ نے بتایا کہ جب وہ دونوں یورپ کے دورے پر جا رہے تھےتب سوشانت نے فلائٹ میں بیٹھنے سے پہلے ایک خاص طرح کی دوا کھائی تھی۔
ریا چکرورتی کے اس بیان پر سوشانت کی سابقہ گرل فرینڈ انکتا لوکھنڈے کا ردعمل سامنے آیا ہے ۔
انکتا لوکھنڈے نے ریا چکرورتی کے دعویٰ کے بعد ایک ویڈیو شیئرکی ہے اور ریا کےسوشانت کو کلسٹروفوبیا والے بیان کو لے کر انہیں کرارا جواب دیا ہے۔ انکتا نے جو ویڈیو شیئر کی ہے اُس میں سوشانت طیارہ اُڑاتے نظر آرہے ہیں۔
اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے انکتا نےکیپشن میں لکھاہے کہ ’کیا یہی ہے کلسٹروفوبیا ؟ تم ہمیشہ سے اُڑنا چاہتے تھے اور تم نے یہ کیا بھی۔‘
واضح رہے کہ سوشانت کی موت کے بعد اُن کی گرل فرینڈ اور بالی ووڈ اداکارہ ریا چکرورتی مسلسل سوالات کے گھیرے میں ہیں۔
سوشانت کے والد کے کے سنگھ کی جانب سے ریا کے خلاف پٹنہ میں ایف آئی آر درج کرانے کے بعد سے ہی ریا میڈیا سے دور تھیں ، جس کے بعد اداکارہ کو لے کر طرح طرح کے سوالات اُٹھائے جارہے تھے۔