پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشیں، دریاؤں میں سیلابی صورت حال

اسلام آباد: پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے جہاں ندی نالوں میں طغیانی آئی ہے وہیں دریاؤں میں بھی سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔
راولپنڈی اور اس کے جڑواں شہر اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پیر کی علی الصبح سے لے کر اب تک مجموعی طور پر سب سے زیادہ بارش سید پور اسلام آباد کے مقام پر 50 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کے نئے سپیل کے پیشنگوئی کے پیش نظر نالہ لائی کی مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔
راول ڈیم کے اسپل وے کھول دیئے گئے۔
جڑواں شہروں میں حالیہ بارشوں سے راول ڈیم مکمل طور پر بھر گیا ہے جس کی وجہ سے ڈیم کے اسپل وے ڈیڑھ فٹ تک کھول دیئے گئے ہیں۔ جس کے بعد ڈیم سے 6 ہزار کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے۔ ڈیم سے چھوڑے گئے پانی کی وجہ سے دریائے سواں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب ملتان، مظفر گڑھ اور راجن پور میں بھی کئی گھنٹے مسلسل بارش ہوئی ہے، راجن پور میں کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے سے آنے والا پانی برساتی ندی نالوں میں سیلابی صورت حال پیدا کررہا ہے۔
دریائے چناب اور جہلم میں طغیانی کے باعث دریا کے کنارے آباد 50 سے زائد دیہات اور بستیاں زیر آب آگئی ہیں اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت مال مویشیوں کو لیکر محفوظ مقامات پر منتقل ہورہے ہیں۔ تریموں کےمقام پر پانی کی آمد 183578 کیوسک جب کہ پانی کا اخراج 171078 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔