
پاکستانی نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کے لئے لندن کے نواحی قصبے میڈن ہیڈ میں کرکٹ ٹورنامنٹ کا اہتمام کیا گیا۔ ٹورنامنٹ میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی تیرہ ٹیموں نے حصہ لیا۔ کشمیری کنگز نے یہ ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔
سابق وزیراعظم برطانیہ ٹریسا مئے کے آبائی قصبے میں واقع بوائن ہل کرکٹ کلب کی گراونڈ میں ہونے والے ناک آوٹ نامی اس کرکٹ ٹورنامنٹ کا اہتمام ہائی ویکمب کی ممتاز کاروباری و سماجی شخصیت نعیم طاہر کے تعاون سے کیا گیا ۔ جس میں ہائی ویکمب اور گردو نواح سے تیرہ ٹیموں نے حصہ لیا جن میں پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ دیگر قومیتوں اے تعلق رکھنے والے کھلاڑی بھی شامل تھے۔ جبکہ اس موقع پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے کیے شائقین کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کے اہل خانہ بھی گراونڈ میں موجود تھے
مختلف ٹیموں کے درمیان علی الصبح شروع ہونے والے کرکٹ کے میچز شام تک جاری رہے۔ کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ کرونا کی وبا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے اس سیزن میں برطانیہ کی گراونڈ کھلاڑیوں سے خالی رہی ہیں اور آج اس ٹورنامنٹ سے سیزن کا آغاز ہوا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں میں خاص طور پر کرکٹ کا جنون پایا جاتا ہے اور لاک ڈاؤن کے دوران گراونڈز سے دور رہ کر ہم اپنے آپ کو ادھورا محسوس کر رہے تھے ۔۔۔
ہائی ویکمب اور گردو نواح میں کرکٹ کے روح رواں اور ناک آوٹ ٹورنامنٹ کے سرپرست نعیم طاہر کا کہنا تھا کہ کئی برا قبل ایک بات میری علم میں آئی تھی کہ برطانیہ میں پروان چڑھنے والی پاکستانیوں کی نئی نسل بہت جلد غلط کاموں کی طرف راغب ہو جاتی ہے اور اسی دن سے میں نے کھیلوں کے ذریعے ان نوجوانوں کو صحت مند رکھنے کا عزم کیا تھا اور میری کوشش ہے کہ میں ہوری زندگی ان کھیلوں کی سرپرستی کر کے اپنے نوجوانوں کو غلط راہوں پر چلنے سے روک سکوں ۔