
لاہور کی سیشن عدالت میں صبا قمر اور بلال سعید کے خلاف وزیر خان مسجد میں میوزک ویڈیو ریکارڈنگ کے معاملے پر سماعت ہوئی ایڈیشنل سیشن جج چوہدری قاسم علی نے کیس کی سماعت کی۔
اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید عدالت پہنچے اور حاضری مکمل کرائی۔ عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔
بعد ازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے صبا قمر اور بلال سعید کی عبوری درخواست ضمانتیں منظور کرلیں۔ جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا عدالت دونوں ملزموں کی عبوری درخواست ضمانتیں کنفرم کرتی ہے، جزا اور سزا کا فیصلہ ٹرائل میں ہوگا۔
لاہور کی تاریخی وزیر خان مسجد میں صبا قمر اور بلال سعید کی میوزک ویڈیو کی ریکارڈنگ منظر عام پر آنے کے بعد دونوں کے خلاف تھانہ اکبری گیٹ میں مسجد کا تقدس پامال کیے جانے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ عدالت نے 3 ستمبر تک دونوں فنکاروں کی عبوری ضمانت منظور کررکھی تھی۔
واضح رہے کہ مقدمہ فرحت منظور خان ایڈوکیٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا جس میں مسجد انتظامیہ اور محکمہ اوقاف کے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ علاوہ ازیں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مسجد میں گانے کی فلم بندی کے لیے مناظر کی عکس بندی سے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ ایف آئی آر میں اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید پر مسجد کا تقدس پامال کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔