
کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکراچی میں 100 سال بعد اتنی زیادہ بارش ہوئی ہے، بارش کے دوران عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ بارش اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کراچی آئے ہیں تو امید کرتے ہیں کہ وہ ہماری توقعات پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امید کرتے ہیں کہ وزیراعظم صوبے کی ضروریات کو پورا کریں گے، امید کرتے ہیں کہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ ملکر کام کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دو سال بعد نظر آ رہا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے، لیکن صرف کراچی کے 3 نالوں کی صفائی سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرپور خاص، بدین اور کھپرو کے عوام بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں، وزیراعلیٰ سندھ کو سراہتا ہوں کہ وہ بارش کے دوران فیلڈ میں موجود رہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کی قیمت بڑھانے کے فیصلے کو واپس لے کیونکہ سندھ بھر میں بارشوں اور سیلاب سے شدید نقصان ہوا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سندھ میں بارش سے زراعت بھی شدید متاثر ہوئی ہے، امید کرتے ہیں وفاقی حکومت کسانوں کی بھرپور مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سوات اور دیگر علاقوں کے سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، اس آفت میں پورے ملک کی عوام وفاقی حکومت کی جانب دیکھ رہی ہے، بارش متاثرین کی بحالی کے لیے وفاقی حکومت کا تعاون درکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بارش اور سیلاب سے لوگوں کے گھر تباہ ہو گئے ہیں، حکومت لوگوں کے تباہ گھر بنانے میں تعاون کرے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کہتی ہے کہ کراچی کے لیے تاریخی پیکج لا رہے ہیں، سیلاب اور بارش متاثرین کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کی ضرورت ہے۔