
لندن ( شاہ نواز خان سے) ورجن ایٹلانٹک ایئرویز نے پاکستان کیلئے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ دسمبر سے پاکستان کے ساتھ براہ راست پروازیں شروع کی جائیں گی۔ پروازیں لندن اور مانچسٹر سے لاہور اور اسلام آباد کے لیے اڑان بھریں گی۔ ٹکٹوں کی بکنگ کا آغاز رواں ماہ سے ہو جائے گا ۔ برطانوی ایئر لائن نےبھی لاہور کے لیے پروازیں شروع کرنے کی ا جازت طلب کر لی ہے۔
ورجن ایٹلانٹک ائیرویز نے رواں سال کے اختتام پر دسمبر میں پاکستان کیلئے پروازوں کا اعلان کردیا۔ پروازیں لندن ہیتھرو سے لاہور، لندن ہیتھرو سے اسلام آباد، مانچسٹر سے اسلام آباد تک آپریٹ کی جائیں گی۔
اٹلانٹک ائیرویز کے چیف کمرشل آفیسرجوہا جارونین نے کہا ہے کہ مسافروں کی مانگ کو دیکھ کر اپنے نیٹ ورک کو وسیع کرنے کا منصوبہ بنایا، تاکہ لوگوں کوبہترین سفری سہولیات مہیا کی جا سکیں۔ لاہور اور اسلام آباد دونوں ہی سال بھر کی مشہور منزلیں ہیں اور ہم اپنے جہاز پر مسافروں کے استقبال کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسافر اپرکلاس، پریمیم اور اکانومی لائٹ کی پیش کش سے خوب لطف اندوز ہوں گے۔ برطانیہ جانے اور آنے والی تمام پروازیں نان سٹاپ ہوں گی۔ نئی ایئرلائن سروس کا بیرون ملک مقیم شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کیساتھ کاروبار اورمعیشت کو مستحکم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ورجن ایٹلانٹک ائیرویز ایک تیز، موثر کارگو سروس بھی پیش کرے گا، جو سامان برآمد اور درآمد کی تلاش میں آنیوالی کمپنیوں کیلئے نئے مواقع ہوں گے۔
دوسری طرف برطانیہ سے اسلام آباد جانے والی فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے کے بعد برطانوی ایئر لائن برٹش ایئرویز پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) سے لاہور جانے والی پروازیں شروع کرنے کے لئے اجازت طلب کرلی ہے ، کیونکہ ایئر لائن کے ماہرین کی ایک ٹیم نے اس ہفتے کے شروع میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔ ہوائی اڈے کے انتظام کے ذریعہ کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔