
کراچی میں بارشوں کے بعد حب ندی پر تعمیر کیے گئے پل کے پلرز کو سپورٹ کرنے والی کی دیواریں گر گئی ہیں جس سے پل کے کمزور ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
حب چوکی کے قریب حب ندی پر بنائے جانے والے پل کے پلر حالیہ بارشوں میں متاثر ہوئے ہیں اور تین پلرز کی سپورٹ کی دیواریں گر گئی ہیں جب کہ دیگر کی حالت مخدوش ہے۔
پلرز کی تشویشناک حالت سے متعلق شہری نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کی اور حکومت سے دیواروں کی دوبارہ تعمیر کرنے اور پل کا تکنیکی معائنہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
خیال رہے اس پل سے حب اور کراچی کے درمیان ہیوی ٹریفک اور پبلک ٹرانسپورٹ گزرتی ہے۔
پل کی مرمت کی ذمہ داری این ایچ اے کی ہے:ترجمان بلوچستان حکومت
دوسری جانب ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کاکہنا ہےکہ پل کی خستہ حالی کا نوٹس لے لیاگیا ہے اور صورتحال سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی(این ایچ اے) کو آگاہ بھی کر دیاگیا ہے۔
لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ پل کی مرمت کی ذمہ داری نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی ہے، پل این ایچ اے نے تعمیر کیا ہے تو مرمت بھی ان کی ذمہ داری ہے، ضلعی انتظامیہ نے احکامات جاری کیے ہیں کہ پل سے زیادہ ٹریفک کو نہ گزارا جائے۔