ایس ای سی پی کے جوائنٹ ڈائریکٹر بازیاب، واپس آگیا،محفوظ ہوں،ساجد گوندل

اسلام آباد: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل بازیاب ہو گئے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ساجد گوندل نے کہا کہ میں واپس آ گیا ہوں اور محفوظ ہوں، بازیابی سے قبل اہل خانہ نےوزیراعظم سیکریٹریٹ کے سامنےاحتجاج کیاجبکہ ایس ای سی پی نے مجرموں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ ادھرساجد گوندل کے اغوا کے معاملے پر وفاقی کابینہ نے 3رکنی کمیٹی قائم کی تھی اوروزیراعظم نے متعلقہ حکام کو بازیابی کی ہدایت کی تھی۔
تفصیلات کےمطابق 3ستمبر کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے لاپتا ہوگئے تھے،ان کی گاڑی زرعی تحقیقاتی مرکز شہزاد ٹاؤن کے قریب کھڑی ملی تھی۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکریٹری داخلہ کوہدایت کی تھی کہ یہ معاملہ وفاقی کابینہ میں اٹھایا جائے اور وفاقی حکومت اور سیکیورٹی ادارے 17 ستمبر تک ساجد گوندل کی بازیابی یقینی بنائیں۔ اس کے بعد ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایس ای سی پی کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل کے اغوا کے معاملے پر 3 رکنی کمیٹی قائم کی گئی تھی، وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر، وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری اور سیکرٹری داخلہ کو کمیٹی میں شامل کیا گیا تھا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ساجد گوندل کو بازیاب کرانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی تھی۔
ایس ای سی پی کے ایڈیشنل جو ائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل کے گھر والوں نے گذشتہ روز وزیر اعظم سیکر ٹریٹ کے سامنے احتجاجی مظا ہرہ کرکے وزیر اعظم سےمغوی کی بازیابی کیلئے از خودایکشن لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ وزیر اعظم سیکر ٹریٹ کے سامنے اپنے بچوں ،ساس ،سسر اور دیگرعزیز اقارب کے ہمراہ مظا ہرہ کرتے ہو ئے مغوی سرکاری افسر کی اہلیہ سجیلا بیگم نے کہا کہ طفل تسلیوں سے کام نہیں چلے گا۔ میرے خاوند نے قانون کی اگر کوئی خلاف ورزی کی ہے تو عدالت میں پیش کر کے قانون کے مطابق کیفرکردار تک پہنچا یا جا ئے ۔