fbpx
اخبارلائم لائٹ

خود کو 40 برس کا محسوس کرتی ہوں، آشا بھوسلے

ستمبر 9, 2020 | 11:18 صبح

بالی وڈ کی لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے کا کہنا ہے کہ وہ آج بھی خود کو 40 برس کا محسوس کرتی ہیں۔

بالی ووڈ کو لازوال گیتوں سے مالا مال کرنے والی لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے نے گزشتہ روز اپنی 87ویں سالگرہ کے موقع پر مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں گلوکارہ نے خوبصورت ساڑھی زیب تن کی ہوئی ہے اور چہرے پر مُسکراہٹ لیے صوفے پر بیٹھی ہیں۔

ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے آشا بھوسلے نے لکھا کہ ’میں نے اپنی زندگی کے 87 برس مکمل کرلیے ہیں اور 88ویں سال میں قدم رکھ لیا ہے لیکن میں آج بھی خود کو 40 برس کی خاتون محسوس کرتی ہوں۔‘

آشا بھوسلے نے اپنے چاہنے والوں کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’زندگی کو مثبت محسوس کرتے ہوئے گُزاریں، اپنے آس پاس کے لوگوں سے اچھا رویہ اختیار کریں اور خوشیاں پھیلائیں۔‘

آخر میں گلوکارہ نے مداحوں کی جانب سے ملنے والی نیک تمناؤں کے لیے اُن کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ آشا بھوسلے نے گزشتہ روز ہی اپنی87ویں سالگرہ منائی تھی، 8 ستمبر 1933 کو بھارتی ریاست مہارشترا میں پیدا ہونے والی آشا بھوسلے نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1943میں صرف دس سال کی عُمر میں مراٹھی فلم’ماجھا بال‘میں’چلا چلا نوَ بلا‘ کے بولوں پر مبنی گانے سے کیا تھا۔

20 سے زائد بھارتی و غیر ملکی زبانوں میں 12ہزار سے زائد گانے ریکارڈ کرنے والی آشا بھوسلے نے کم و بیش 1 ہزار فلموں کے لیے پلے بیک سنگر کی حیثیت سے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ کئی موسیقاروں کے ساتھ کام کرکے نام کمانے والی آشا بھوسلے کو معروف موسیقار آر ڈی برمن کی کمپوزیشن میں ریکارڈ کروائے گئے گانوں نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

دنیا کی سب سے زیادہ ریکارڈیڈ آرٹسٹ کی حیثیت سے گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام شامل کروانے والی آشا بھوسلے کو بھارت کے اعلیٰ ترین سویلین اعزاز پدما بھوشن اور دادا صاحب پھالکے سمیت درجنوں ملکی و غیر ملکی اعزازات و ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button