نوازشریف نے نہ آنا تھا نہ آئے، کراچی پر فوج نے سب کو ایک جگہ بٹھایا، شیخ رشید

راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید نےکہا ہےکہ نوازشریف نے نہیں آنا تھا اور انہوں نے یہ ثابت بھی کردیا۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نےکہا کہ نواز شریف پچھلے 10 ماہ سے سیر و تفریح کر رہے ہیں لیکن واپس نہیں آرہے، انہوں نے نہیں آنا تھا اور آج انہوں نے ثابت کردیا۔ وزیرریلوے نے کہا کہ اے پی سی اور رہبر کمیٹی کی ناکامی کا اعلان کرتا ہوں، یہ عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، مولانا صاحب جلسہ جلسہ کھیلیں گے اور اپوزیشن کی اے پی سی سے کچھ نہیں ہوگا، عنقریب اپوزیشن کے برے حالات ہوں گے، مریم نواز کی پوری سیاست اس بات پر ہےکہ انہیں لندن جانے دیا جائے۔
’کراچی پر مرکز اور صوبے کو ایک جگہ بٹھانے میں فوج کا بڑا تاریخی کردار ہے‘
شیخ رشید نے مزید کہا کہ کراچی میں وزیراعظم نے وہی کیا جو وزیراعظم کو کرنا چاہیے تھا، مرکز اور صوبے کو مل کر کام کرنا چاہیے، یہ بحث نہیں کرنی چاہیے کہ ایک روپیا کس نے دیا دو روپے کس نے دیے۔
سندھ حکومت کو وہی کرنا چاہیے جو ملک کا تقاضا ہے، کراچی کے معاملے پر فوج نے بڑا کلیدی کردار ادا کیا ہے، کراچی تباہ و برباد تھا مرکز اور صوبے کو ایک جگہ بٹھانے میں فوج کا بھی بڑا تاریخی کردار ہے، اب چھوٹی چھوٹی باتوں کا بہانہ نہیں بنانا چاہیے ۔