چھٹی سے آٹھویں کی کلاسیں 21 جبکہ نرسری اور پری پرائمری کلاسز 28 ستمبر سے شروع ہونگی۔

کراچی : سندھ حکومت نے کل سے سکول، کالجز اور جامعات کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی سال 15 ستمبر2020 سے 15 مئی 2021 پر مشتمل ہوگا جب کہ نویں سے 12 ویں جماعت کے لیے سکولز 15 ستمبر سے کھلیں گے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ چھٹی سے آٹھویں جماعت کی کلاسیں 21 ستمبر سے شروع ہوں گی جب کہ نرسری اور پری پرائمری کلاسز 28 ستمبر سے شروع کی جائیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سکول اور کالجز انتظامیہ سرکاری ضابطہ کار (ایس او پیز) پر عمل درآمد کی پابند ہوگی۔
کورونا پھیلنے کی اطلاعات موصول ہوں گی تو اسکول بند کیا جاسکتا ہے: سعید غنی
دوسری جانب سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ پہلے فیز میں کلاس نہم اور اس سے اوپر کی تمام کلاسز کھولی جارہی ہیں جب کہ دوسرے فیز میں چھٹی سے آٹھویں کلاسز کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے مرحلے میں پری پرائمری سے پرائمری کلاسز کا آغاز کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ مانیٹرنگ ٹیمیں منگل سے سکولوں کا دورہ کریں گی، اگر کورونا کے پھیلنے کی اطلاعات موصول ہوں گی تو سکول بند کیا جاسکتا ہے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ کورونا کی روک تھام میں والدین کا تعاون اہم ہے لہٰذا والدین اپنے بچوں کو مکمل ضابطہ کار کے ساتھ سکول بھیجیں اور بچوں کو 20 سیکنڈز تک صابن یا ہینڈ واش سے ہاتھ دھونے کی تاکید کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکول میں اپنے بچوں کو پانی اور لنچ باکس کے ساتھ بھیجیں، بچوں کو لازمی تاکید کریں کہ وہ باہر سے کوئی چیز نہ لیں اور ایک دوسرے سے فاصلے رکھیں۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث مارچ میں تعلیمی ادارے بند کردیے گئے تھے اور اب کئی ماہ کے تعطل کے بعد 15 ستمبر سے تعلیمی اداتے کھول دیے گئے ہیں ۔