
اسلام کی خاطر شوبز اندسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی نور بخاری نے ندا یاسر کے زیادتی کا شکار 5 سالہ مروہ کے والدین کو شو پر بلانے کے تنازع کے تناظر میں بتایا کہ تمام مارننگ شوز قابلِ رحم ہیں جبکہ ان کی پالیسیز قابلِ افسوس ہیں۔
سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اظہار خیال کرتے ہوئے نور بخاری نے کہا کہ پاکستان میں مارننگ شوز کی پالیسی قابلِ رحم ہے، یہاں متاثرہ خاندان کو بُلا کر ان کے جذبات کے ساتھ کھیلا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’شو میں متاثرین کو بُلایا جاتا ہے اور کہا جاتا ہے رلاؤ ان کو اور رلاؤ۔‘ نور بخاری نے بتایا کہ ادارے کے اسی رویے کی وجہ سے انہوں نے مارننگ شو کی میزبانی چھوڑی۔
ندا یاسر کے اس اقدام نے تنازع کی صورت اختیار کرلی تھی اور سوشل میڈیا پر ان کے پروگرام کو بند کرنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔
لوگوں کی دل آزاری پر ندا یاسر نے معافی مانگتے ہوئے وضاحت دی تھی کہ مروہ کے والدین نے خود شو میں آنے کا کہا تھا، یہ ریٹنگ حاصل کرنے کیلئے نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ نور بخاری متعدد چینلز پر مارننگ شو میں بطور میزبانی فرائض سرانجام دیتی رہی ہیں۔