fbpx
Uncategorized

اے پی سی کیلیے اپوزیشن کی تیاریاں مکمل، نواز شریف ویڈیو لنک پر اور زرداری وِرچوئل خطاب کرینگے ،  حکومت بھی سرگرم

ستمبر 19, 2020 | 10:44 صبح

اسلام آباد / لاہور / کراچی (لمحہ نیوز / لمحہ اِخبار) اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ، نواز شریف ویڈیو لنک پر اور زرداری بنفس نفیس موجود ہوں گے ، حکومت بھی اے پی سی روکنے کےلیے سرگرم ہو گئی ہے ۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی 20 ستمبر کو ہونے والی کل جماعتی کانفرنس کی میزبان جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے اے پی سی میں شامل ہونے والی جماعتوں کے قائدین سے رابطے مکمل کر لئے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری، سنیٹر فرحت اللہ بابر اور سینیٹر شیری رحمن نے اے پی سی کے شرکاء کو باقاعدہ دعوت نامے دینے کا سلسلہ آج بھی جاری رکھا۔

نواز شریف کا ویڈیو لنک کے ذریعے اے پی سی میں شرکت اور خطاب کا فیصلہ

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے اور وہ کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔ علاج کے لیے بیرون وطن روانگی کے بعد یہ کسی سیاسی سرگرمی میں ان کی پہلی باضابطہ شرکت ہوگی۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفی نواز کھوکھر نے تصدیق کی ہے کہ نواز شریف نے دعوت قبول کر لی  ہے اور وہ اے پی سی میں وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔ انہوں ںے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور نواز شریف کے درمیان فون پر سیاسی صورت حال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال ہوا تھا۔ چیئرمین بلاول بھٹو نے نواز شریف کی صحت دریافت کی اور جلد صحتیابی کی دعا کی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کو جمعہ کو چیئرمن بلاول بھٹو زرداری نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ دوسری جانب نواز شریف کی اے پی سی میں شرکت اور خطاب کے فیصلے کی تصدیق ن لیگ کی جانب سے بھی ہوگئی ہے اور اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے تصدیق کی ہے کہ نواز شریف کا خطاب سوشل میڈیا پلیٹ فورمز پر نشر کرنے کا انتظام کیا جارہا ہے۔

نوازشریف کے بعد سابق صدر آصف زرداری کا بھی اے پی سی میں شرکت کا فیصلہ

مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے بعد سابق صدر آصف زرداری نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرنے کافیصلہ کیا ہے ، سابق صدر بھی اے پی سی سے ورچوئل خطاب کریں گے ۔

آصف زرداری اور نوازشریف کی شرکت کے بعد اے پی سی مزید اہمیت اختیار کرگئی ،اے پی سی کا اپوزیشن کے الائنس میں تبدیل ہونے کا امکان ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت مخالف اتحاد کی تجویز اے پی سی شرکا کے سامنے رکھی جائے گی ، اے پی سی میں حکومت مخالف مشترکہ جلسوں ، ریلیوں کی تجویز بھی پیش کی جائیگی ۔

خبردار! کوئی نواز شریف کا بیان مت چلائے۔ حکومت کا میڈیا کو انتباہ

وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے ٹویٹ کر کے کہا ہے کہ اگر مفرور مجرم نواز شریف نے اے پی سی سے خطاب کیا اور ان کا خطاب نشر ہوا تو پیمرا اور دیگر قانونی آپشن استعمال ہوں گے۔شہباز گل نے میڈیا چینلز کو خبردار کر دیا ہے کہ کوئی بھی نواز شریف کا بیان مت چلائے۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مفرور مجرم نواز شریف نے اے پی سی سے خطاب کیا اور ان کا خطاب نشر ہوا تو پیمرا اور دیگر قانونی آپشن استعمال ہوں گے۔یہ کس طرح ممکن ہے کہ ایک مفرور مجرم سیاسی ایکٹیوٹییز کرے اور بھاشن دے-انہوں نے مزید کہا کہ شریف خاندان جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتا۔ اتنے جھوٹے ہیں کہ بیماری پر بھی جھوٹ بولتے ہیں۔

اے پی سی کیلئے ن لیگی وفد کا اعلان ، مریم نواز بھی شرکت کریں گی

مسلم لیگ ن نے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے اپنے 11رکنی وفد کا اعلان کردیا ، مریم نواز بھی وفد میں شامل ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق اے پی سی میں شریک ہونے کیلئے مسلم لیگ ن کے 11 رکنی وفد کی قیادت قائد حزب اختلاف شہبازشریف کریں گے ، ان کے ساتھ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازشریف بھی وفد کا حصہ ہوں گی ۔مسلم لیگ نواز کی طرف سے اعلان کردہ دیگر ممبران مین سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، سابق وزیردفاع خواجہ آصف ، سابق وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال ، قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر ایازصادق بھی وفد میں شامل ہیں ، جبکہ سینیٹر پرویزرشید ، سابق وزیر ریلوے سعد رفیق ، مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ ، امیرمقام اورسابق وزیر اطلاعات  مریم اورنگزیب بھی اے پی سی میں شرکت کرنے والے وفد کا حصلہ ہوں گی ۔

نوازشریف کا خطاب سوشل میڈیا پر نشر کیا جائے گا ، مریم نواز کی تصدیق

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button