fbpx
اخبارسب کے لیے سب کچھ

حکومت کا دوسرے مرحلے میں تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے بڑا اعلان

ستمبر 22, 2020 | 6:36 صبح

اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کل سے دوسرے مرحلے میں سکولز کھولنے کی اجازت دے دی اور کہا چھٹی سےآٹھویں جماعت تک کی کلاسزکا آغاز کل سے ہوگا۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہواجس میں وزیر داخلہ اعجاز شاہ، وزیرتعلیم شفقت محمود ، معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے شرکت کی جبکہ صوبائی وزرائے تعلیم و سیکرٹریز بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں سکول کھولنے کے دوسرے فیز سے متعلقہ امور پرغور کیا گیا ، جس کے بعد این سی او سی نے کل سے دوسرے مرحلے میں سکولز کھولنےکی اجازت دیتے ہوئے کہا کل چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسز کا آغاز ہوگا ، دوسرے مرحلے میں سکول طےشدہ شیڈول کےمطابق کھولے جائیں گے۔

لاہور/ پشاور : پنجاب اور خیبر پختونخوا حکومت نے کل سے چھٹی سے آٹھویں تک تعلیم ادارے کھولنے کا اعلان کر دیا۔

وزیر تعلیم کے پی شہرام ترکئی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ آج نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں شرکت کے بعد ہم نے کل سے خیبر پختونخوا کے سکول کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہرام ترکئی نے بتایا کہ کل سے دوسرے مرحلے میں خیبر پختونخوا کے چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کے تمام سکولز کھول دیے جائیں گے۔ بعد ازاں پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے بھی کل سے چھٹی سے 8ویں کی کلاسوں کے آغاز کا اعلان کر دیا ۔

کراچی : سندھ حکومت کا چھٹی تا آٹھویں جماعت تک سکول 28 ستمبر سےکھولنے کا اعلان ۔

حکومت سندھ نے کورونا کیسز بڑھنے کے پیش نظر دوسرے مرحلے کے تحت 22 ستمبر سے چھٹی تا آٹھویں جماعت تک سکولوں کو کھولنے کا  فیصلہ مؤخر کر دیا تھا۔اب سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں چھٹی سے آٹھویں تک کلاسیں اٹھائیس ستمبر سے شروع کی جائیں گی۔

یاد رہے حکومت نے 15 ستمبر سے ملک بھر میں مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا تھا ، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ 15 ستمبر سے یونی ورسٹیاں اور کالجز کھولے جائیں گے، 15 دن تک حالات ٹھیک رہے تو تمام انسٹی ٹیوشنز کو کھول دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے بتدریج کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 15 ستمبر سے یونی ورسٹیاں اور کالجز کھولے جائیں گے، ہائر ایجوکیشن کے انسٹی ٹیوشنز کھلیں گے، نویں، دسویں، گیارہویں، بارہویں کلاسوں کی بھی اجازت ہوگی، 7 دن دیکھیں گے پھر دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، جائزے کے بعد 23 ستمبر کو چھٹی، ساتویں، 8 ویں جماعت کو اجازت دی جائے گی، ایک ہفتہ مزید حالات کا جائزہ لیا جائے گا، جائزے کے بعد 30 ستمبر کو پرائمری اسکولز بھی کھولنے کا فیصلہ ہوگا۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button