
بالی ووڈ منشیات تحقیقات میں بھارتی فلم انڈسٹری کی صف اول اداکارہ دپیکا پڈوکون کو بھی اس ہفتے تفتیش کے لیے طلب کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت خودکشی سے متعلق منشیات کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) رواں ہفتے بالی ووڈ کی صف اول اداکارہ دپیکا پڈوکون کو تفتیش کے لیے طلب کرے گی جبکہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ سارہ علی خان اور شردھا کپور کو بھی طلب کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی تحقیقات کے دوران منشیات میں ملوث مزید دو افراد کے نام بھی سامنے آئے تھے جن کے نام کے ۔کے حرفِ اول کو ظاہر کیا گیا تھا۔ اِن دو ناموں میں ایک نام ’ڈی‘ اور دوسرانام ’کے‘ سے شروع ہو رہا تھا۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ منشیات کے استعمال میں ملوث پہلا نام بالی ووڈ کی صفِ اول اداکارہ دپیکا پڈوکون کا ہے جبکہ دوسرا نام’ کریشمہ پرکاش‘ کا ہے جو کہ دپیکا پڈوکون کی مینیجر ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دپیکا پڈوکون کی مینیجر کریشمہ سے کل ایجنسی کے ذریعے پوچھ گچھ کی جائے گی۔
انجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت خودکشی کیس میں ڈرگز کے معاملے کی تحقیقات میں دپیکا پڈوکون دیا مرزا کو بھی سوالات و جوابات کے لیے طلب کیے جانے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اب مِس ایشیا پیسیفک دیا مرزا بھی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ریڈار پر آگئی ہیں۔
دیا مرزا کو بہت جلد سشانت سنگھ راجپوت خودکشی کیس میں منشیات سے متعلق کیس میں طلب کیا جاسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق این سی بی میں دورانِ تفتیش منشیات فروشوں انکوش اور انوج کیشوانی کے انکشافات کے بعد دیا مرزا کا نام سامنے آیا ہے۔
دیا مرزا کی منیجر منشیات فروش انوج کی دوست ہے جو دیا مرزا کو ڈرگز دیا کرتی تھی۔
رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ تحقیقاتی ادارے نے دیا مرزا پر 2019 میں ڈرگز خریدنے کی تفصیلات پر ہاتھ رکھے ہیں، کیونکہ اداکارہ کی منیجر نے ڈرگز کے معاملے پر ہی منشیات فروش سے ملاقاتیں کی تھیں۔
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پہلے دیا مرزا کی منیجر اور پھر ان کے بعد اداکارہ کو سوالات کے لیے طلب کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت خودکشی کیس میں آئے دن نئے نئے انکشافات ہونے کے ساتھ ہی بالی ووڈ کے اندرونی رازوں سے بھی پردہ اُٹھایا جارہا ہے۔
اِس سے قبل نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے تقریب میں کُھلے عام منشیات کا استعمال کرنے پر بھارتی پروڈیوسر اور ہدایتکار کرن جوہر سمیت دیگر اداکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
دوسری جانب سشانت سنگھ خودکشی کیس میں گرفتار ہونے والی ریا چکرورتی نے تحقیقات کے دوران یہ انکشاف کیا تھا کہ سشانت کی سابقہ گرل فرینڈ سارہ علی خان بھی اُن کے ساتھ مل کر منشیات کا استعمال کرتی تھیں۔
ریا چکرورتی نے بتایا تھا کہ ناصرف وہ بلکہ اداکارہ سارہ علی خان، راکول پریت سنگھ اور سمن کھمباٹا بھی سشانت کے ساتھ مل کر منشیات استعمال کرتے رہے ہیں۔