حکومت چھوڑ سکتا ہوں ، این آر او نہیں دے سکتا، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد ( لمحہ اِخبار) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے مشکل فیصلوں کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انھوں نے یہ بات اپنے وزیروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔
کابینہ اجلاس کے اندر کی کہانی بتانے والے ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا حکومت کو اپوزیشن کی اے پی سی سے کوئی خطرہ نہیں۔ ان کے مقاصد سے قوم اچھی طرح واقف ہے ۔نواز شریف کو تقریر کی اجازت بھی اس لئے دی تا کہ پاکستانی عوام کو ان کے مزید جھوٹ کا پتہ چل سکے اور یہ بھی معلوم ہو جائے کہ وہ کتنے بیمار ہیں۔ اے پی سی کا مقاصد صرف اور صرف حکومت پر دبائوڈالنا ہے تا کہ ان کو این آر او مل سکے لیکن ان پر واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ حکومت چھوڑ سکتا ہوں لیکن کسی کو بھی این آر او نہیں دوں گا بلکہ ملک میں احتساب کا شکنجہ مزید سخت کیا جائیگا ۔
‘ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے جس کی تکلیف اپوزیشن کو ہو رہی ہے ‘ان کو پتہ ہے کہ اگر ملک نےترقی کرنا شروع کر دی تو ان کی سیاست ختم ہو جائے گی‘یہ جلسے جلوس کریں،ریلیاں نکالیں ،لانگ مارچ کریں حکومت کو اس سے کوئی غرض نہیں‘ عوام ان مفاد پرست ٹولوں کیلئے سڑکوں پر نہیں نکلیں گے ‘پہلے بھی ان مافیا کا مقابلہ کر چکا ہوں اور اب بھی کروں گا ‘پہلے بھی کہاتھایہ دونوں پارٹیاں اندر سے ایک ہیں اور اس کا عملی نمونہ قوم نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا ہے۔