fbpx
اخبارسب کے لیے سب کچھ

توشہ خانہ ریفرنس: نواز شریف کی جائیداد ضبطگی کے احکامات جاری،پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم

اکتوبر 1, 2020 | 8:12 صبح

اسلام آباد : احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی جائیداد ضبطگی کے احکامات جاری کر دیے۔

احتساب عدالت نے نواز شریف کی اثاثیں اور جائیداد ضبط کرنے کے لیے نیب سے ریکارڈ طلب کیا تھا جو اب نیب کی جانب سے پیش کر دیا گیا ہے۔نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں جمع کرائی گئی تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم کے نام پر لاہور میں 1650 کنال سے زائد زرعی اراضی شامل ہے، پراپرٹیز، گاڑیاں اور بینک اکاؤنٹس بھی شامل ہیں۔

نیب کی جانب سے لاہور کے نجی بینک میں نواز شریف کے نام پر ملکی و غیر ملکی رقوم کی تفصیلات بھی عدالت میں پیش کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ نیب رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مری میں بھی نواز شریف کے نام پر جگہ ہے جب کہ شیخوپورہ میں بھی 102 کنال زرعی اراضی سابق وزیراعظم کے نام پر ہے۔

احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے نواز شریف کی جائیداد ضبطگی کے احکامات بھی جاری کر دیے۔ عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی جائیداد ضبطگی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

پلاٹ الاٹمنٹ کیس؛ نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم

لاہور: احتساب عدالت نے غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیدیا۔ احتساب عدالت لاہور کے جج اسد علی کی سربراہی میں غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس کی سماعت ہوئی جس میں نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی عملدرآمد رپورٹ پیش کی گئی، ہائی کمیشن لندن نے وزارت خارجہ کے ذریعے عملدرآمد رپورٹ پاکستان بھجوائی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزم جان بوجھ کر وارنٹ گرفتاری وصول نہیں کر رہا ہے اور ملزم اسی وجہ سے لندن فرار ہوا ہے۔

سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم میر شکیل نے اس وقت کے وزیراعلیٰ نواز شریف کی ملی بھگت سے ایک ایک کنال کے 54 پلاٹ ایگزمپشن پر حاصل کیے، ملزم میر شکیل نے نواز شریف کی ملی بھگت سے 2 گلیاں بھی الاٹ شدہ پلاٹوں میں شامل کرلیں۔

عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر سابق وزیراعظم کو اشتہاری قرار دینے کی پیش رفت رپورٹ بھی طلب کرلی، اس کے علاوہ عدالت نے میر شکیل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع بھی کردی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button