
لاہور: قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں لٹل اسٹارز پہلے روز ہی جگمگا اٹھے جب کہ عبداللہ شفیق ڈیبیو پر سنچری بنانے والے چوتھے پاکستانی بن گئے۔
ملتان سٹیڈیم میں سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ذیشان اشرف15تک محدود رہے۔ کپتان شان مسعود اپنی ففٹی اور ٹیم کی سنچری مکمل کرنے کے بعد آؤٹ ہوئے،انھوں نے 33 گیندوں پر 4چوکوں اور 3چھکوں سمیت 51رنز بنائے، صہیب مقصود نے 51رنز کی اننگز میں صرف 26گیندوں کا استعمال کیااور5چوکے و3چھکے لگائے،خوشدل شاہ6رنز بناسکے،حسین طلعت نے 34اسکور کیے،سیف بدر12اور عامر یامین 18رنز تک محدود رہے، عمر خان صفر پر رن آؤٹ ہوئے، سدرن پنجاب نے 8وکٹ پر 200رنز بنائے،صہیب اللہ 3شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔
جواب میں سینٹرل پنجاب کے رضوان حسین اور عابد علی کھاتہ کھولے بغیر رخصت ہو گئے۔اس کے بعد کامران اکمل اور عبداللہ شفیق نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری نویں اوور میں ہی مکمل کرا دی،وکٹ کیپر بیٹسمین 41گیندوں پر 11چوکوں اور 2چھکوں سے مزین 75رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا ٹوٹل 146تھا،اس کے بعد عبداللہ شفیق ڈیبیو پر سنچری بنانے والے چوتھے پاکستانی بیٹسمین بن گئے،ٹیم نے ہدف 7گیندوں قبل 3وکٹ پر حاصل کرلیا، عبداللہ شفیق نے 58گیندوں پر 11چوکوں اور 4چھکوں سمیت 102رنز بنائے،کپتان سعد نسیم 18پر ناٹ آؤٹ رہے۔ قبل ازیں پہلے میچ میں ناردرن نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
آصف علی23 اور عمر امین 14 پر ناٹ آؤٹ رہے، ناردرن نے 3وکٹ پر 242 کا مجموعہ حاصل کیا۔ جواب میں خیبرپختونخوا کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے62 رنز کی اننگز کھیلی، اس دوران فخرزمان 5، کپتان محمد رضوان 17، محمد حفیظ 6، شعیب ملک20 اور افتخار احمد 28 رنز بنا کر ساتھ چھوڑ گئے، فرحان کی رخصتی کے بعد محمد محسن 14اوروہاب ریاض 8 رنز بنا سکے، شاہین شاہ آفریدی، عثمان شنواری اور جنید خان کھاتہ نہ کھول پائے، ٹیم کا ٹوٹل 9 وکٹ پر 163رہا، موسیٰ خان 3وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔