کورونا کیسز بڑھنے پر کراچی کے مزید علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن

کراچی: کورونا کیسز بڑھنے پر کراچی کے ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں میں بھی مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی ارشاد سوڈھر نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ حکم نامےکے مطابق ضلع جنوبی کے سول لائنز سب ڈویژن میں کریک وسٹا اپارٹمنٹس میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا، اس کے علاوہ صدر سب ڈویژن میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی کے مطابق سمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں غیر ضروری نقل وحرکت اور بغیر ماسک باہر نکلنے پر پابندی ہوگی۔
خیال رہےکہ گذشتہ روز بھی کراچی کے علاقے منگھوپیر یوسی8میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کیاگیا تھا۔ کورونا وبا کی صورتحال کا جائزہ لینےکے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر کے مجموعی کیسز میں سے نصف کراچی میں سامنے آئے ہیں جس پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کراچی میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز دی تھی۔