سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف مجرمانہ سازش کا مقدمہ درج، غداری کا مقدمہ درج کرنے پر حکومتی غور

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے خلاف مجرمانہ سارش کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مقدمہ ایک شہری بدر رشید کی جانب سے تھانہ شاہدرہ میں درج کرایا گیا۔ مقدمہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات مجرمانہ سازش کے تحت درج کیا گیا، مقدمے میں 40 سے زائد لیگی رہنماؤں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے لندن میں پاکستان کے مقتدر اداروں کو بدنام کرنے کے لیے اشتعال انگیز تقاریر کیں، نواز شریف نے تقاریر میں دشمن ملک بھارت کی ڈیکلیئر پالیسی کی تائید کی۔
مقدمے میں کہا گیا کہ نواز شریف کی تقاریر کا مقصد بھارتی افواج کا کشمیر پر قبضے کی کارروائیوں اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے توجہ ہٹانا ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ نواز شریف کی تقاریر کا مقصد اپنے دوست بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بالواسطہ فائدہ پہنچانا ہے، نواز شریف کی تقاریر کا مقصد عالمی برادری میں پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں اور مسلح افواج کو بدنام کرنا ہے۔
دوسری طرف وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے بھی نواز شریف کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی دباؤ کے تحت نواز شریف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کا سوچ رہی ہے۔