
کراچی : سمگلنگ میں ملوث سندھ پولیس کے 13 افسران و اہلکاروں کو برطرف کردیاگیا۔
انسپکٹر جنرل(آئی جی) سندھ پولیس مشتاق مہر نے اینٹی سمگلنگ سٹیئرنگ کمیٹی کی سفارش پر سمگلنگ میں ملوث سندھ پولیس کے 13افسران و اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کیا ہے۔ برطرف ہونے والوں میں 3سب انسپکٹرز، 3 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئی) اور ایک ہیڈ کانسٹیبل شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق اینٹی سمگلنگ سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس 17 اکتوبر 2019 کو وزیر اعظم کی زیر صدارت ہوا تھا اور اس سلسلے میں سندھ پولیس کی جانب سے 3 انکوائریز کرائی گئی تھیں جن کی روشنی میں ڈی آئی جی حیدرآباد نے 13 پولیس افسران اور اہلکاروں کو برطرف کردیا تھا تاہم انہیں دوبارہ بحال کردیا گیا تھا تاہم اب آئی جی سندھ نے انہیں ملازمت سے فارغ کردیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق برطرف پولیس اہلکار ممنوعہ اشیاء سے بھری گاڑیاں اور ایرانی ڈیزل کی سمگلنگ میں معاونت فراہم کرتے تھے۔