آج کا ایشواخبار

آئی جی سندھ کا مبینہ اغوا، ن لیگ نے وفاقی حکومت کیخلاف مقدمے کی درخواست دے دی

کراچی : مسلم لیگ ن کے وکلاء نے انسکپٹر جنرل ( آئی جی) سندھ پولیس کے مبینہ اغوا  اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر کی گرفتاری پر وفاقی حکومت کے خلاف  مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے دی۔  مسلم لیگ ن کے وکلاءکی جانب سے  تحریک انصاف حکومت کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست تھانہ  آرٹلری میدان میں درج کرائی گئی ہے۔

ایڈووکیٹ محمد حسین کی جانب سے دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ  آئی جی سندھ کو ہراساں کیا گیا اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی غیرقانونی گرفتاری کی گئی ، اس سارے عمل کی ذمہ داری پی ٹی آئی حکومت پرعائد ہوتی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایک مفرور شخص نے پی ٹی آئی حکومت کے نمائندوں کے ہمراہ کیپٹن (ر) صفدر پر مقدمہ درج کرایا،  مفرورشخص وقاص نے مقدمے کے لیے جھوٹا بیان دیا کہ وہ مزار قائد پر موجود تھا اور مقدمے کے اندراج سے  انکار  پر وفاقی حکومت کی ہدایت پر آئی جی سندھ کو گھر سے اٹھایا گیا اور انہیں کئی گھنٹوں تک نامعلوم مقام پر رکھا گیا۔

درخواست گزار کاکہنا ہےکہ صرف مقدمے کااندارج ہی نہیں واضح ثبوتوں کے بغیر گرفتاری بھی قانون کے برعکس ہے،  پی ٹی آئی حکومت کے ایسے اقدامات سے عوام اور سندھ پولیس میں خوف اور عدم تحفظ پیدا ہوا اور چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرکے آئین اور وادی مہران کی روایات توڑی گئیں اس لیے ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کی جائے۔

تھانہ آرٹلری میدان پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست وصول کرلی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button