کراچی میں 10 لاکھ روپے کی ڈکیتی، پولیس کے پہنچنے پر 25 لاکھ میں تبدیل

پولیس کے مطابق درجن سے زائد مسلح افراد نے کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں سگریٹ کمپنی کی سپلائی وین سے لاکھوں روپے لوٹ لیے۔
ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق پیر کی دوپہر کورنگی انڈسٹریل ایریا سے سگریٹ کمپنی کی ڈسٹریبیوشن وین کے عملے نے مددگار 15 پولیس کو اطلاع دی کہ درجن سے زائد مسلح ملزمان انہیں یرغمال بنا کر 10 لاکھ روپے کیش لوٹ کر فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی کے مطابق مددگار 15 پولیس کا عملہ اور کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کی پولیس موبائل فوری طور پر موقع پر پہنچی تو وین کے عملے نے 25 لاکھ روپے لوٹے جانے کا دعوی کر دیا۔
پولیس کے مطابق وین کے عملے کا کام مختلف علاقوں میں اپنی فرنچائز پر سپلائی کرکے ملنے والا کیش اپنے دفتر لے جانا ہوتا ہے مگر وین کے لوٹے جانے والے عملےکا دعویٰ ہے کہ وہ یہ رقم بینک میں جمع کرانے کے لیے جا رہے تھے۔
ایس ایس پی فیصل عبداللہ کے مطابق واردات کے وقت وین کے ساتھ مسلح سیکیورٹی گارڈ موجود تھا مگر حیرت انگیز طور پر سیکیورٹی گارڈ نے مزاحمت نہیں کی۔ انھوں نے مزید کہا کہ عموما ایسی وارداتوں میں گارڈ کی فائرنگ کے خدشے کے پیش نظر ڈاکو اسلحہ بھی لوٹ کر لے جاتے ہیں مگر اس واردات میں ایسا بھی ہوا۔
ایس ایس پی پولیس کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مقدمہ درج کر کے معاملے کی چھان بین شروع کر دی ہے۔